ویلز نے فٹبال میں تاریخ رقم کردی

لندن ، 3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی(فیفا) کی عالمی درجہ بندی میں ویلز کی ٹیم پہلی مرتبہ انگلینڈ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے نویں نمبر پر براجمان ہو گئی ہے۔ یورو 2016ء کے کوالیفائر کے سلسلے میں قبرص سے میچ کی تیاریوں میں مصروف ویلز کی ٹیم اس وقت فیفا کی درجہ بندی میں نویں نمبر پر موجود ہے۔ ویلز کی اس کامیابی کی وجہ سے انگلینڈ کی رینکنگ میں دو درجہ تنزلی ہے جو آٹھویں سے دسویں نمبر پر پہنچ گئی ہے جبکہ چلی کی ٹیم دو درجہ ترقی کر کے آٹھویں نمبر پر آگئی ہے۔ ویلز اس وقت عالمی درجہ بندی میں اپنی نویں نمبر پر موجود ہے جو اس کی فیفا درجہ بندی میں سب سے بہترین پوزیشن ہے۔

پہلا ونڈے : آسٹریلیا کی پہلے بیٹنگ
لندن ، 3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ونڈے میچ میں آج ساؤتھمپٹن کے روز باؤل میں اچھی شروعات کی۔ اسٹیون اسمتھ نے ٹاس جیتا اور اوپنرز جو برنس اور ڈیوڈ وارنر نے انھیں 14.3 اوورز میں 76 رنز کی بنیاد فراہم کی۔ میزبان کپتان اوئن مورگن نے اندرون 21 اوورز چھ بولرز آزمائے۔ تاہم کامیابی صرف عادل رشید کو ملی جنھوں نے برنس (44) کو کاٹ اینڈ بولڈ کیا۔ تادم تحریر آسٹریلیا کے اسکور 108/1 میں وارنر 47 اور اسمتھ 15 پر کھیل رہے تھے۔