ممبئی۔14نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ممبئی کے وانکھڈے اسٹیڈیم میں موجود ہزارہا شائقین کو اُس وقت مایوسی ہوئی تھی جب مہیندر سنگھ دھونی نے آج ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا لیکن ہندوستانی اسپنر پرگیان اوجھا نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو چائے کے وقفہ سے قبل ہی 182رنز پر ڈھیر کرنے میں کلیدی رول ادا کرتے ہوئے کرکٹ شائقین کو اُس وقت جشن کا موقع فراہم کیا جب دن کے آخری سیشن میں سچن تنڈولکر نہ صرف بیٹنگ کیلئے وکٹ پر پہنچے بلکہ انہوں نے 73 گیندوں میں 6چوکوں کی مدد سے 38رنز اسکور کرنے کے علاوہ تیسری وکٹ کیلئے مرلی وجئے کے ہمراہ 80رنز کی پارٹنرشپ نبھالی ہے۔ سچن تنڈولکر جو کہ اپنے کریئر کا 200 واں اور آخری ٹسٹ کھیل رہے ہیں وہ توجہ کا مرکز تھے اور جیسے ہی شین شلنگ فورڈ نے ہندوستانی اننگز کے 14ویں اوورس میں یکے بعد دیگرے دونوں اوپنرس کو جب پویلین کی راہ دکھائی تو شاید یہ پہلا موقع تھا کہ ہندوستانی شائقین کو اپنی ہی وکٹیں گرنے کا اتنا غم نہیں ہوا کیونکہ وہ اس موقع پر اپنے پسندیدہ کھلاڑی سچن کو بیٹنگ کرتا دیکھنا چاہتے تھے ۔ شلنگ فورڈ نے 77کے مجموعی اسکور پر شکھر دھون کو چندرا پال کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا جنہوں نے 28گیندوں میں 7چوکوں کی مدد سے 33رنز بنائے ۔ علاوہ ازیں مرلی وجئے ڈیرین سیمی کے ہاتھوں آؤٹ ہونے سے قبل 55گیندوں میں 8چوکوں کی مدد سے 43رنز بنائے ۔ وانکھڈے اسٹیڈیم میں رواں ہند۔ ویسٹ انڈیز دوسرے ٹسٹ کے پہلے دن کھیل کے اختتام پر ہندوستانی ٹیم نے اپنے اوپنرس کے نقصان کے بعد 34اوورس کے کھیل میں 157رنز اسکور کرلئے ہیں ۔ ہندوستان کیلئے دوسرا ناؤٹ آؤٹ بیٹسمین چیٹیشور پجارا ہیں جنہوں نے 49گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے 34رنز اسکور کرلئے ہیں ۔ ویسٹ انڈیز کیلئے دونوں ہی وکٹیں شلنگ فورڈ نے حاصل کئے جیسا کہ انہوں نے 12اوورس میں 46رنز کے عوض یہ دو کامیابیاں حاصل کیں ۔ قبل ازیں بیٹنگ کے لئے مدعو کئے جانے کے بعد ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز 55.2اوورس میں ہی سمٹ گئی جس کی اصل وجہ پرگیان اوجھا کی شاندار بولنگ رہی جس میں انہوں نے 11.2اوورس میں 40رنز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ ویسٹ انڈیز کے بیٹسمین خصوصاً محمد سمیع اور بھونیشور کمار کی فاسٹ بولنگ کے علاوہ اسپنرس کی جوڑی روی چندرن اشون اور پرگیان اوجھا کے خلاف جدوجہد کرتے رہے ۔ کولکتہ ٹسٹ میں بدقسمت رہنے والے اوجھا نے یہاں بہترین بولنگ کا مظاہرہ کیا ۔ علاوہ ازیں روی چندرن اشون نے 15اوورس میں 45 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کرنے کے علاوہ ٹسٹ کرکٹ میں وکٹوں کے حصول کی سنچری بھی مکمل کرلی ہے ۔ فاسٹ بولر محمد سمیع نے بھی بہترین فاسٹ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے خطرناک ثابت ہونے والے حریف اوپنرس کریس گیل کو روہت شرما کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا ۔ ویسٹ انڈیز کیلئے کیرین پاویل نے 80گیندوں میں چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 48رنز کی اعظم ترین انفرادی اننگز کھلیں۔ گیل (11) ‘ براؤو (29) ‘ سیموئیلس(19) ‘ ڈیو نارائن (21) اور رامدین (12*) جلد پویلین لوٹ گئے ۔ کریئر کا 150واں ٹسٹ کھیلنے والے چندرپال نے 34گیندوں میں دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 25رنز اسکور کئے ۔