نیپئر 15 مارچ (سیاست ڈاٹ کام )ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر نے اپنی ٹیم میں اختلافات کی تردید کی ہے ۔ ہولڈر جو کوارٹر فائنلس میں نیوزی لینڈ کے خلاف اپنی ٹیم کی قیادت کریں گے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے خلاف آج کے میچ کے دوران سابق کپتان ڈیرن سمی کے ساتھ اُن کا کوئی جھگڑا نہیں ہوا حالانکہ یہ دیکھا گیا تھا کہ فیلڈ پر ان دونوں کے درمیان کسی بات پر بحث و تکرار ہورہی تھی۔ امارات کی ٹیم 46 رن کے اسکور پر چھ وکٹس سے محروم ہوچکی تھی لیکن ناصر عزیز اور امجد جاوید کی رفاقت توڑنے کیلئے ہولڈر نے ڈیرن سمی کو بولنگ دی تاہم پہلے اوور میں چار رن دینے کے بعد انہیں بولنگ سے ہٹا دیا گیا جس پر غالباً برہم ہوگئے اور ہولڈر سے ان کی بحث ہوگئی ۔ہولڈر نے ابتداء میں اس کی تردید کی لیکن بعد میں اعتراف کیا کہ معمولی بحث ہوئی جو کھیل کا ایک حصہ ہے ۔