ویسٹ انڈیز کے دورۂ پاکستان کا آج اعلان متوقع

کراچی۔2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان میں ورلڈ الیون اور سری لنکائی کرکٹ ٹیموں کے دوروں کے بعد اسی ماہ کیریبین کرکٹ میلہ بھی سجنے والاہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے باوثوق ذرائع کے بموجب اس ماہ ویسٹ انڈیزکرکٹ ٹیم لاہور آکر تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلنے پر رضامند ہوگئی ہے۔ رسمی اعلان کل کیا جائے گا۔ اس بارے میں دونوں بورڈز کے درمیان تفصیلات طے ہوگئی ہیں تاہم سیریز کا اعلان جمعہ کو ویسٹ انڈیز اور زمبابوے کے درمیان بولا وایو ٹسٹ کے بعد کیا جائے گا۔ ذرائع کے بموجب ویسٹ انڈیز ٹیم لاہور سے نیوزی لینڈ روانہ ہوگی۔ توقع ہے ویسٹ انڈیز لاہور میں چار دن میں تین میچ کھیلے گی اور میچ نومبر کے دوسرے ہفتے میں ہوں گے۔اس ماہ کے آخری ہفتے میں ویسٹ انڈیز کو نیوزی لینڈ کا دورہ کرنا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹور میچ کے بعد پہلا ٹسٹ یکم دسمبر سے ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا۔ ویسٹ انڈیز کا دورہ نیوزی لینڈ 3 جنوری2018 تک جاری رہے گا۔ جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے گیارہ سے27 دسمبر تک فیصل آباد میں گھریلو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنمنٹ کروانے کا اعلان کر رکھا ہے۔ اس سلسلے میں نجم سیٹھی براہ راست ویسٹ انڈیز بورڈ کے سربراہ ڈیو کیمرون سے رابطے میں ہیں۔ ویسٹ انڈیز بورڈ سری لنکا کے خلاف لاہور ٹی ٹوئنٹی کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے رہا ہے اور اپنی پلیئرز ایسوسی ایشن سے رابطے میں ہے۔