ویسٹ انڈیز کے دورۂ پاکستان میں نئی مشکل

لاہور۔6 نومبر (سیاست ڈاٹ کام )ناقص منصوبہ بندی اور جلد بازی کے میں طے کیے گئے ویسٹ انڈیز ٹیم کے مجوزہ دورۂ پاکستان میں ہر گزرتے دن کے ساتھ مشکلات کھڑی ہوتی جا رہی ہیں اور پنجاب بھر میں شدید کہر نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔پنجاب کے ساتھ خیبر پختونخوا میں کہر عوام کیلئے وبال جان بن چکی ہے جس سے تمام شعبہ ہائے زندگی کے امور بری طرح متاثر ہو رہے ہیں اور یہی وجہ ہے پی سی بی کو قائد اعظم ٹرافی کا میچ بھی منسوخ کرنا پڑا۔ویسٹ انڈیز ٹیم کے سخت مجوزہ اور رواں ماہ دورہ نیوزی لینڈ کے سبب پاکستان آمد پر پہلے ہی سوالیہ نشان لگا ہوا تھا لیکن حال ہی میں پنجاب بھر میں شدید کہر کے سبب پی سی بی کیلئے ویسٹ انڈیز ٹیم کی آمد کی صورت میں میچز کا انعقاد بھی ممکن ہوتا نظر نہیں آرہا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے ویسٹ انڈیز ٹیم کے دورے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کئی معالات کی وجہ سے دورے کو حتمی شکل نہیں دے پارہے جس میں ایک بڑی وجہ کہر بھی ہے۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ فی الحال لاہور کے سوا کوئی اسٹیڈیم دستیاب نہیں جہاں میچز کروائے جاسکیں اور اس کے بعد صرف راولپنڈی کا راستہ ہی موجود ہے لیکن وہاں سیکیورٹی اجازت نہیں ہے۔دوسری جانب ویسٹ انڈیز بورڈ بھی دورہ پاکستان کیلئے کوشاں ہے لیکن کھلاڑیوںکی جانب سے تاحال مثبت جواب سامنے نہیں آسکا اور اگر ویسٹ انڈیز ٹیم پاکستان کا دورہ کرتی بھی ہے، تو بھی اسکواڈ میں اکثر نامور کھلاڑیوں کی شرکت مشکل نظر آتی ہے۔