ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ کیلئے ورلڈ الیون مکمل

دبئی ۔ 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کے مچل میک کلینیگن اور لیوک رونچی کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کی ورلڈ الیون کا حصہ بنا لیا گیا ہے جس کے ساتھ ہی ویسٹ انڈیز کے خلاف فنڈ ریزشنگ میچ کیلئے ورلڈ الیون کی ٹیم مکمل ہو گئی ہے۔ گزشتہ سال کیریبیئن جزائر میں ارما اور ماریہ نامی طوفان سے وہاں موجود چند اسٹیڈیمز بری طرح متاثر ہوا تھا اور ان اسٹیڈیمز کی دوبارہ تعمیر کی غرض سے 31مئی کو لارڈز کے تاریخی میدان پر ویسٹ انڈین ٹیم اور ورلڈ الیون کے درمیان ٹی20 میچ کھیلا جائے گا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل، انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ اور میلبرن کرکٹ کمیٹی نے گزشتہ برس ویسٹ انڈیز میں سمندری طوفانوں سے تباہ ہونے والے 5 اسٹیڈیمز کی تعمیر نو کیلئے فنڈز اکٹھا کرنے کی غرض سے چیریٹی میچ کے انعقاد کا فیصلہ کیا تھا۔ اس میچ کو انٹرنیشنل میچ کی اہمیت حاصل ہو گی جہاں آئی سی سی نے انگلش کپتان آئن مورگن کو ورلڈ الیون کی قیادت سونپی ہے جس میں پاکستان کی نمائندگی تجربہ کار شاہد آفریدی اور شعیب ملک کریں گے۔ میچ میں بھارت کی نمائندگی دنیش کارتھک اور ہردک پانڈیا کریں گے جبکہ بنگلہ دیش سے تمیم اقبال اور شکیب الحسن کو بنگلہ دیش سے منتخب کیا گیا ہے۔ میک کلینیگن اور رونچی نیوزی لینڈ کی نمائندگی کرتے نظر آئیں گے جبکہ افغانستان کے راشد خان اور سری لنکا کے تھسارا پریرا بھی ٹیم کا حصہ ہیں لیکن آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے کسی بھی کھلاڑی کو ورلڈ الیون کا حصہ نہیں بنایا گیا۔ میچ کیلئے ویسٹ انڈین ٹیم میں بھی چند بڑے نام شامل ہوں گے جہاں ٹیم کی قیادت کارلوس بریتھ ویٹ کو سونپی گئی ہے جبکہ ان کے ساتھ ساتھ سیمیول بدری، مارلن سیمیولز، کرس گیل اور آندرے رسل بھی ورلڈ الیون کے خلاف میچ میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔