ویسٹ انڈیز کے خلاف سری لنکا کو226 رنز کی شکست

پورٹ آف ا سپین۔11جون (سیاست ڈاٹ کام ) ویسٹ انڈیز نے سری لنکا کو پہلے ٹسٹ میں226رنز کے بھاری فرق سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ شین ڈورچ کو بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر پلیئر آف دی میچ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ یاد رہے کہ میزبان ٹیم نے اپنی دوسری اننگز 223 رنز سات کھلاڑی آؤٹ پر ختم کر کے سری لنکا کو کامیابی کیلئے 453 رنز کا ہدف دیا ۔ جواب میں سری لنکائی ٹیم دوسری اننگز میں226 رنز پر پویلین لوٹ آئی۔ یاد رہے کہ میچ کے چوتھے دن مہمان ٹیم نے دوسری اننگز میں کھیل کا اختتام تین وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز کے ساتھ کیا تھا اور اسے فتح کیلئے مزید 277 رنز کی ضرورت تھی لیکن جب میچ دوبارہ شروع ہوا تو منظر نامہ اچانک تبدیل ہوگیا اور سری لنکا نے تقریباً جیتی ہوئی بازی ہار دی۔ کوسال مینڈس میزبان ٹیم کے سامنے چٹان بنے نظر آرہے تھے تاہم وہ 102رنز پر آؤٹ ہوگئے۔