ویسٹ انڈیز کے خلاف بہ آسانی کامیابی پر نیوزی لینڈ خاموش‘ سیمی فائنل پر توجہ

ویلنگٹن۔21مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) نیوزی لینڈ کو شاندار فتح سے ہمکنار کرنے والے اس ٹیم کے دو اسٹار بیٹسمین مارٹن گپٹل اور ٹرینٹ بولٹ نے آج اس آسانی کی اہمیت کو گھٹانے کی کوشش کی جس کے ساتھ انہوں نے ویسٹ انڈیز کو آج شکست دی ۔ آسان کامیابی کا جشن منانے کے بجائے ان دونوں کھلاڑیوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف ورلڈ کپ سیمی فائنل پر توجہ مرکوز کی ہے ۔ نیوزی لینڈ نے آج گپٹل کے 237 رن ( ناٹ آؤٹ) کے ساتھ ویسٹ انڈیز کو 143 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں داخل ہوئی ہے ۔ بولٹ نے 44رن کے عوض چار وکٹس لیکر حریف ٹیم کی شکست میں اہم رول ادا کیا تھا ۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم اگرچہ ساتویں مرتبہ سیمی فائنل میں داخل ہوئی ہے لیکن جنوبی افریقہ کی طرح وہ بھی کبھی فائنل تک رسائی حاصل نہیں کرسکی ہے ۔ گپٹل نے کہا کہ جو کچھ انہیں حاصل ہوا ہے اس پر فخر کرتے ہیں اور اُمید کرتے ہیں کہ ہم آئندہ کھیل بھی جیتیں گے اور اس کے بعد کے کھیلوں میں بھی کامیابی حاصل کرتے رہیں گے ۔ بولٹ نے بھی ویسٹ انڈیز کے کھیل پر نکتہ چینی سے پس وپیش کیا لیکن کہا کہ منگل کو آکلینڈ میں ہونے والے مقابلے میں وہ اپنی حریف ٹیم جنوبی افریقہ کوایک قدم آگے تصور کرتے ہیں ۔ بولٹ اس ورلڈ کپ میں تاحال 19وکٹس لیکر کامیاب بولروں میں سرفہرست ہیں ۔