ویسٹ انڈیز کے خلاف انگلینڈ کا موقف کمزور‘ دوسری اننگز میں 39/5

برج ٹاؤن ( بارباڈوس ) 3 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف برج ٹاؤن میں جاری تیسرے اور آخری ٹسٹ کے دوسرے دن ٹسٹ انتہائی دلچسپ مرحلہ میں داخل ہوگیا ہے جبکہ انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں صرف 39 رنوں کے عوض پانچ وکٹس گنوادئے ہیں۔ انگلینڈ نے اس ٹسٹ میں پہلی اننگز میں 257 رنز کا اسکور کیا تھا جن میں الیسٹر کک کی شاندار سنچری (105 ) رن اور معین علی کی نصف سنچری 58 رن شامل تھے ۔ اس کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں صرف 189 رنوں پر سمٹ گئی تھی کیونکہ انگلش بولر جیمس اینڈرسن نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے چھو وکٹس حاصل کئے تھے ۔ ویسٹ انڈیز کیلئے صرف بلیک ووڈ نے قابل قدر 85 اور چندرپال نے 25 رنز بنائے تھے ۔ دوسرے بلے باز بری طرح ناکام رہے ۔ خاص طور پر ٹاپ آرڈر بلے باز کوئی اسکور نہیں کرسکے ۔ براتھ ویٹ صفر پر جبکہ جیمس ہوپ پانچ رن بناکر آوٹ ہوئے ۔ ڈارین براوو کوصرف 9 رن بناسکے ۔ اتنے ہی اسکور پر مارلن سیموئیلس آوٹ ہوئے ۔ بلیک ووڈ سنچری کے قریب پہونچے تاہم اینڈرسن کی گیند پر وہ معین علی کو کیچ دے بیٹھے ۔ رامدین 13 رن پر آوٹ ہوئے ۔اینڈرسن نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 42 رنوں کے عوض چھ وکٹس حاصل کئے تھے ۔ اسٹیورٹ براڈ ‘ معین علی ‘ جے روٹ اور اسٹوکس کو ایک ایک وکٹ مل سکی ۔ انگلینڈ کو 69 رنوں کی سبقت حاصل ہوئی تھی تاہم اس نے دوسری اننگز میں انتہائی ناقص مظاہرہ کیا اور محض 39 رنوں پر پانچ وکٹس گنوادئے ۔ کپتان الیسٹر کک چار رن بناکر اور جوناتھن ٹراٹ 9 رن بناکر آوٹ ہوئے ۔ کک کو گیبرائیل کی گیند پر براتھ ویٹ نے کیچ کیا جبکہ ٹراٹ ٹیلر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے ۔ بالانس 12 رن بناکر ناٹ آوٹ ہیں ۔