کراچی۔28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)ویسٹ انڈیز کی31مارچ کو پاکستان آمد کے ساتھ کراچی ایک مرتبہ پھر بین الاقوامی کرکٹ کی میزبانی کیلئے تیار ہو گیا ۔یکم تاتین اپریل تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کیلئے تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے میدان اور وکٹوں کی مزید بہتری پر توجہ مرکوزکر دی گئی ہے۔تینوں مقابلے شام ساڑھے سات بجے برقی روشنیوں میں کھیلے جائیں گے ،گرم موسم کے باوجود شائقین نصف قیمت پر ٹکٹوں کے حصول کیلئے کوشاں دکھائی دے رہے ہیں۔پی ایس ایل فائنل جیسی سیکیورٹی کا معیار برقرار رکھا جائے گا۔دریں اثناء پاکستان کو عالمی درجہ بندی میں پہلا مقام بچانے کی فکرلاحق ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سوپرلیگ فائنل کے بعد اب کراچی میں ویسٹ انڈیز کیخلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کیلئے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور 13 رکنی مہمان ٹیم سات عہدیداروں کے ہمراہ 31 مارچ کو کراچی پہنچے گی۔ یکم تا تین اپریل متواتر تین دن نیشنل اسٹیڈیم میں تین ٹوئنٹی20 مقابلے شام ساڑھے سات بجے مصنوعی روشنیوں میں کھیلے جائیں گے جس کیلئے گراؤنڈ اور وکٹوں کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔ پی سی بی ترجمان کے مطابق ان میچز کی ٹکٹیں پی ایس ایل کے مقابلے میں قیمت نصف کر دی گئی ہے اور شدید گرم موسم کے باوجو شائقین ٹکٹوں کے حصول کیلئے کوشاں ہیں جو انہیں پانچ سو روپے سے چھ ہزار روپے کی قیمت میں دستیاب ہیں۔