ویسٹ انڈیز کی ٹسٹ درجہ بندی میں ترقی، بنگلہ دیش کو نقصان

دبئی۔16 جولائی(سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش کے خلاف ٹسٹ سیریز میں کامیابی کی بدولت ویسٹ انڈیز نے ایک درجہ ترقی کرتے ہوئے آٹھواں مقام حاصل کر لیا ہے جبکہ سری لنکا کے خلاف ناقص کارکردگی کے باعث جنوبی افریقی بیٹسمینوں کو تنزلی کا سامنا کرنا پڑا۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرے ٹسٹ اور جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹسٹ ختم ہونے کے بعد تازہ ترین ٹیم اور کھلاڑیوں کی درجہ بندی جاری کر دی۔ٹیموں میں ہندوستان سرفہرست ہے جبکہ جنوبی افریقہ دوسرے، آسٹریلیا تیسرے، نیوزی لینڈ چوتھے، انگلینڈ پانچویں، سری لنکا چھٹے اور پاکستان ساتویں نمبر پر برقرار ہے۔بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں فتح کی بدولت ویسٹ انڈیز نے 2014 کے بعد پہلی مرتبہ اپنی سرزمین پر ٹسٹ سیریز جیتنے کا اعزاز حاصل کیا اور اس کے ساتھ ساتھ عالمی درجہ بندی میں ایک درجہ ترقی پا کر بنگلہ دیش کو آٹھویں مقام سے محروم کر دیا۔بیٹسمینوں کے ابتدائی پانچ مقامات میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی اور پابندی کا شکار سابق کپتان اسٹیون اسمتھ بدستور پہلے نمبر پر فائز ہیں۔دیگر چار کھلاڑیوں میں ہندوستان کے کپتان ویراٹ کوہلی دوسرے، انگلینڈ کے کپتان جیو روٹ تیسرے، نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن چوتھے اور پابندی کا شکار ایک اور آسٹریلین کھلاڑی ڈیوڈ وارنر پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔جمیکا اور گال میں ہوئے کم اسکور کے حامل میچوں میں سب سے نمایاں اور ممتاز بیٹسمین سری لنکا کے دمتھ کرورنا رتنے رہے جنہوں نے پہلی اننگز میں 158 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے تو دوسری اننگز میں 60 رنز بنائے۔کرونارتنے نے میچ میں مجموعی طور پر 218 رنز بنائے اور ان کا اسکور جنوبی افریقہ کی دونوں اننگز کے مجموعی اسکور 199 سے بھی زیادہ رہا جس کی بدولت وہ 21 درجے لمبی چھلانگ لگا کر کیریئر کی بہترین 10ویں مقام پر آ گئے اور دنیش چندیمل کے بعد درجہ بندی میں دوسرے بہترین سری لنکائی بیٹسمین بن گئے ہیں۔کریگ بریتھویٹ 3 درجے ترقی پا کر 13ویں، شکیب الحسن 2 درجے ترقی کے بعد 22ویں نمبر پر آ گئے لیکن ہاشم آملہ تنزلی کے بعد سرفہرست 10 بیٹسمینوں سے باہر ہو گئے۔بولروں میں بھی ابتدائی 5 مقامات میں کوئی تبدیلی واقع نہیں ہوئی ، ربادا پہلے، جیمز اینڈرسن دوسرے، رویندرا جڈیجہ تیسرے، ورنان فلینڈر چوتھے اور روی چندرن اشون پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔