ممبئی ، 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز کی خواتین نے اختتامی اووروں میں اپنے اعصاب قابو میں رکھے، اور نیوزی لینڈ کو آئی سی سی ورلڈ T20 کے آج سہ پہر یہاں پُرجوش سکنڈ سیمی فائنل میں 6 رنز سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ 144 کے معقول ٹارگٹ کا تعاقب کرتے ہوئے کیوی خواتین آسانی سے پیشرفت کرتی نظر آئیں، یہاں تک کہ وہ یکایک کئی وکٹیں کھو بیٹھیں اور 137/8 تک محدود رہیں۔ ویسٹ انڈیز پہلی بار خطابی مقابلے تک پہنچ ہیں، جہاں تین مرتبہ کے ڈیفنڈنگ چمپینس آسٹریلیا سے اُن کا کولکاتا میں اتوار 3 اپریل کو مقابلہ ہوگا۔ ویسٹ انڈیز کی کپتان اسٹفانی ٹیلر (3/26) نے دباؤ کی صورتحال میں اہم وکٹیں گرائیں۔ کیوی کپتان سوزی بیٹس نے بحیثیت اوپنر 12 رنز بنائے جبکہ مڈل آرڈر کی سارہ مک گلاشن نے 38 کا ٹاپ اسکور کیا۔ قبل ازیں بیٹنگ کی دعوت پر تین نمبر کی برٹنی کوپر کے 48 گیندوں میں دھواں دھار 61 رنز نے ویسٹ انڈیز ویمن کو 143/6 کے اچھے اسکور تک پہنچایا۔ انھوں نے 5 چوکے اور 2 چھکے لگائے ۔ کپتان اسٹفانی نے 25 رنز بنائے۔ اوپنر ہیلے میتھیوز نے تیزی سے 16 رنز 14 گیندوں میں بنائے اور ٹیم کیلئے معقول بنیاد رکھی۔ بعدازاں اسٹفانی اور برٹنی نے مل کر دوسری وکٹ کیلئے 60 رنز کی رفاقت نبھائی، جو آخرکار فیصلہ کن ثابت ہوئی۔ دونوں نے بالخصوص اسپنروں کو پیٹا۔ برٹنی کو ’پلیر آف دی میچ‘ ایوارڈ دیا گیا۔