ویسٹ انڈیز کیساتھ کرکٹ روابط پر آج اہم فیصلے متوقع

حیدرآباد۔ 20 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) بی سی سی آئی کی طاقت پر ورکنگ کمیٹی کا آج یہاں حیدرآباد میں ایک اجلاس منعقد ہورہا ہے جس میں ویسٹ انڈیز کے ساتھ کرکٹ روابط پر اہم فیصلے متوقع ہیں۔ حیدرآباد میں ورکنگ کمیٹی کے اجلاس سے قبل ہی کولکتہ میں انڈین پریمیئر لیگ کی گورننگ کونسل کے اجلاس میں ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں کی ہندوستان میں سالانہ منعقد ہونے والے ٹوئنٹی 20 ٹورنمنٹ میں اہم فیصلے لئے جانے والے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ (ڈبلیو آئی سی بی) کے ساتھ مالیاتی تنازعات کے باعث ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی ہندوستان کا دورہ سیریز کے دوران منسوخ کرتے ہوئے وطن لوٹ گئے جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ روابط بحران کا شکار ہوچکے ہیں۔ حیدرآباد میں ورکنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہورہا ہے، اس میں ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ سے سیریز کے منسوخ ہونے کے بعد ہونے والے نقصانات کی پابجائی کے علاوہ مستقبل میں منعقد شدنی کرکٹ سیریزوں پر بھی اہم فیصلے لئے جانے کا امکان ہے۔ 17 اکتوبر کو دھرم شالہ میں منعقدہ ہند۔ ویسٹ انڈیز چوتھے ونڈے سے قبل ہی ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی اس مقابلے میں شرکت کے لئے راضی ہی نہیں تھے لیکن بورڈ کے عہدیداروں کی جانب سے انہیں چوتھے ونڈے میں شرکت کے لئے راضی کیا گیا تھا۔ اس کے بعد کھلاڑیوں نے سیریز کے دوران ہی وطن واپسی کا فیصلہ کرلیا تھا۔ بی سی سی آئی عہدیدار نہ صرف ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں کی آئی پی ایل میں شرکت پر پابندی جیسے سخت فیصلوں کے علاوہ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے ساتھ مستقبل میں ہونے والی سیریزوں کو بھی منجمد کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ بی سی سی آئی کے سکریٹری سنجے پاٹل نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کی جانب سے دورہ ہند کی درمیان ہی سیریز کو منسوخ کرنے سے بی سی سی آئی کو تقریباً 400 کروڑ روپئے کا نقصان ہوا ہے لہذا ہم اس مسئلہ کو آئی سی سی سے رجوع کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ سے ہرجانہ وصول کرنے کے خواہاں ہیں۔ دریں اثناء دوسری جانب سے بعض گوشوں کا خیال ہے کہ موجودہ بحران میں ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا قصور نہیں لہٰذا انہیں سزا کا حصہ نہیں بنایا جانا چاہئے۔ پٹیل کے بموجب ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں ممکن ہے کہ فیوچر ٹور پروگرام (ایف ٹی پی) کے تحت ویسٹ انڈیز کے خلاف مستقبل میں منعقد ہونے والی سیریزوں کو ختم کردیا جائے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے ہندوستان کے دورہ کو منسوخ کرنے کے فوراً بعد بی سی سی آئی نے سری لنکا کرکٹ (ایس ایل سی) سے رابطہ کیا جس کے بعد یکم تا 14 نومبر پانچ مقابلوں کی ونڈے سیریز میں سری لنکائی ٹیم کی شرکت یقینی ہوئی ہے لہٰذا حیدرآباد کے اجلاس میں سری لنکا کے ساتھ منعقد شدنی سیریز کے لئے مقامات کے تعین کا فیصلہ بھی متوقع ہے نیز اُمید ہے کہ حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ایک مقابلہ بھی منعقد ہوگا۔