ویسٹ انڈیز کیخلاف یونس کو ٹیم سے خارج کرنے پر غور

کرائسٹ چرچ۔17فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے خلاف ورلڈ کپ کے افتتاحی مقابلے میں 76رنز کی شکست کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم اڈیلیڈ سے نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ پہنچ گئی ہے جہاں اسے ہفتہ کو ویسٹ انڈیز سے میچ کھیلنا ہے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کے بموجب اب کامیابی کے سوا کوئی راستہ نہیں اور اب غلطی کی گنجائش نہیں ہے، شکست کارونا روتے رہیں گے تو پھر ورلڈ کپ میں کچھ نہیں کر سکتے۔ حوصلے پست نہیں ہوئے ہیں اور نہ ہی ٹورنمنٹ سے باہر ہوئے ہیں۔ پاکستانی ٹیم جیتے گی بھی اور ہارے گی بھی۔ ہمارا ورلڈ کپ ابھی ختم نہیں ہوا ہے۔ کھلاڑیوں کو ذمہ داری دکھانا ہوگی۔ گروپ بی میں آئر لینڈ نے دو مرتبہ کی سابق عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو چار وکٹ کی حیران کن شکست دے کر تہلکہ مچادیا ہے۔ اس طرح یہ گروپ پاکستان سمیت کوارٹر فائنل میں جانے والی ٹیموں کیلئے گروپ آف ڈیتھ ثابت ہوسکتا ہے۔ پاکستان کیلئے تشویش کی بات ٹاپ آرڈر بیٹسمینوں کی ناکامی ہے۔ خاص طور پر یونس خان کی کارکردگی نے سب کو پریشان کردیا ہے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں انہیں خارج کرنے پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے۔ یہ بھی تجویز ہے کہ یونس خان کو نمبر 3 پر کھلا کر ناصر جمشید یا سرفراز احمد سے اننگز کا آغاز کروایا جائے۔ امکانات روشن ہیں کہ سرفراز احمد کو دوبارہ وکٹ کیپنگ کروائی جائے گی اور وہی اننگز کا آغاز بھی کریں گے۔ مصباح الحق نے کہا ہے کہ عمراکمل، حارث سہیل اور صہیب مقصود سمیت ہر بیٹسمین کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا اور جب تک وہ طویل اننگز کیلئے خود کو تیار نہیں کریں گے ٹیم نہیں جیت سکتی تاہم مصباح الحق پریس کانفرنس میں اپنے کھلاڑیوں کو تنقید کانشانہ بنانے سے گریز کرتے رہے۔