ویسٹ انڈیز کیخلاف پاکستان ڈے نائیٹ ٹسٹ کا خواہاں

دبئی ۔27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویسٹ انڈیز کو اس سال متحدہ عرب امارات میں ایک ڈے نائٹ ٹسٹ میچ کھیلنے کی تجویز دی ہے۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم اکتوبر میں متحدہ عرب امارات میں پاکستان سے سیریز کھیلنے والی ہے جس میں دو ٹسٹ پانچ ونڈے اور دو ٹوئنٹی20 مقابلے  شامل ہیں۔واضح رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم اس سال آسٹریلیا کے دورے میں برسبین میں ڈے نائٹ ٹسٹ میچ کھیلے گی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی خواہش ہے کہ آسٹریلیائی دورے سے قبل اسے ایک اور ڈے نائٹ ٹسٹ کھیلنے کا موقع مل جائے۔ ویسٹ انڈیزکرکٹ بورڈ اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کی دو  ٹوئنٹی20 میچز پاکستان میں کھیلنے کی تجویز مسترد کرچکا ہے۔گذشتہ سال ایڈیلیڈ میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان ڈے نائٹ ٹسٹ میچ کی کامیابی کے بعد متعدد کرکٹ بورڈز نے ڈے نائٹ ٹسٹ میچ کو بین الاقوامی کرکٹ میں ایک انقلابی اضافے کے طور پر دیکھتے ہوئے اس میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔بی سی آئی کے بموجب  وہ اس سال نیوزی لینڈ کی ٹیم کے دورے میں ایک ڈے نائٹ ٹسٹ کی میزبانی کرے گا۔ آسٹریلیا اس سال پاکستان کے علاوہ جنوبی افریقہ کے خلاف بھی ڈے نائٹ ٹسٹ میچ کھیلنا چاہتا ہے تاہم جنوبی افریقی کرکٹرز رات میں گلابی گیند کے ساتھ کھیلنے کا تجربہ نہ ہونے کے سبب ڈے نائٹ ٹسٹ کھیلنے پر رضامند نہیں ہوئے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے 2013  میں سری لنکا کو بھی متحدہ عرب امارات میں ڈے نائٹ ٹسٹ میچ کھیلنے کی تجویز دی تھی جس سے اس نے اتفاق نہیں کیا تھا۔طویل طرز کی کرکٹ میں شائقین کی دلچسپی کو برقرار رکھنے کیلئے ڈے نائیٹ ٹسٹ کو انقلابی تبدیلی تصور کیا جارہا ہے ۔