ویسٹ انڈیز کیخلاف بنگلہ دیش 48 رنزسے کامیاب

گیانا۔24جولائی(سیاست ڈاٹ کام)بنگلہ دیش نے پہلے ونڈے میں ویسٹ انڈیز کو 48 رنز سے شکست دے کر 3 مقابلوں کی سیریز میں 1-0 کی سبقت بنالی ہے۔پہلے مقابلے کی کامیابی کے اہم کردار سنچری بنانے والے تمیم اقبال مین آف دی میچ قرار پائے۔ پراویڈنس اسٹیڈیم میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بنگلہ دیش نے انعم الحق کو صفر پر کھو دیا لیکن اس کے بعد تمیم اقبال نے شکیب الحسن کے ساتھ دوسری وکٹ کی رفاقت میں 207 رنز کا اضافہ کر کے کھیل پر اپنی گرفت مضبوط کرلی۔ اگرچہ شکیب الحسن چھ چوکوں کی مدد سے 97 رنز بنا کر دیوندرا بشو کا نشانہ بن گئے اور سنچری کی تکمیل سے محروم رہے لیکن تمیم اقبال کا عزم برقرار رہا جنہوں نے سنچری تک رسائی کا موقع ضائع نہیں کیا اور تین چوکوں کے علاوہ دو چھکوں سمیت 30رنز بنانے والے مشفق الرحیم کے ساتھ شراکت کی بدولت مجموعی اسکور چار وکٹوں پر 279 رنز تک پہنچا دیا۔تمیم اقبال 130 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جس میں دس چوکے اور تین چھکے شامل رہے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے دیوندرا بشو ہی دو وکٹیں حاصل کرسکے۔ جوابی اننگز میں ویسٹ انڈیز نے 22 ویں اوور تک اپنی تین وکٹیں محض81 رنز پر گنوا ئیں تھی جس میں کرس گیل ہی 40 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے۔ شمرون ہٹ میئر نے بھی گرتی ہوئی وکٹوں کے دوران پانچ چوکوں کی مدد سے 52 رنز کا اضافہ کیا لیکن ان کی یہ کاوش فتح کیلئے ناکافی ثابت ہوئی۔ دیوندرا بشو اور الزاری جوزف نے اختتامی اوورز میں یکساں طور پر 29 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی لیکن اسکور نو وکٹوں پر 231 رنز رہا۔ مشرف مرتضیٰ چار اور مستفیض الرحمن دو وکٹیں حاصل کی۔