برج ٹاؤن ۔ یکم ؍ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) فاسٹ بولر ٹم ساوتھی اور ٹرنٹ بولٹ نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے خلاف یہاں تیسرے اور فیصلہ کن ٹسٹ کے پانچویں دن اپنی ٹیم کو 53 رنز کی کامیابی دلواتے ہوئے سیریز کو 2-1 سے اپنے نام کرنے میں کلیدی رول ادا کیا۔ نیوزی لینڈ کے کپتان برنڈن مکالم نے دلیرانہ فیصلہ کرتے ہوئے ٹیم کے چوتھے دن کے اسکور 331/7 پر ہی آخری دن اپنی اننگز ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس طرح میزبان ٹیم کو مقابلہ میں اور سیریز میں کامیابی کیلئے 308 رنز کا نشانہ ملا جوکہ دن میں 13.4 اوورس قبل ہی 254 رنز پر آل آوٹ ہوگئی۔ ساوتھی نے 28 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو اور بولٹ نے 48 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ علاوہ ازیں اسپنر مارک گریک نے 84 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ نیل واگنر نے 50 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔ ویسٹ انڈیز کیلئے آل راونڈر جیسن ہولڈر نے سب سے زیادہ 52 رنز اسکور کئے جبکہ ڈیرن براوو نے 40 رنز، شلنگ فورڈ نے ناقابل تسخیر 30، کپتان دنیش رام دین نے 29 اور شیونارائن چندرپال نے 25 رنز اسکور کئے۔ تاہم کوئی بھی کھلاڑی بڑی اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم کو شکست سے محفوظ نہیں رکھ پایا۔ شیونارائن چندراپال اپنے 156 ٹسٹ مقابلوں کے کیریئر میں پہلی مرتبہ اسٹمپ آوٹ ہوئے۔