ویسٹ انڈیز کو شکست‘ فاتح نیوزی لینڈ کا سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ سے مقابلہ

ویلنگٹن۔21مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل نے 237 رن بناکر ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے ورلڈ کپ کرکٹ میں آج ایک نئی تاریخ رقم کی ۔ ان کے اس بھاری اسکور کے ساتھ ویلنگٹن میں آج کھیلے گئے کوارٹر فائنل میں نیوزی لینڈ 393/6 نے ویسٹ انڈیز کو 143 رن سے شکست دے دی ۔ گپٹل نے اپنی یادگار اور تاریخی اننگز میں 163گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 11چھکوں اور 24 چوکوں کی مدد سے 237رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے ۔ ورلڈ کپ میں یہ اب تک کا سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے ۔ انہوں نے 24 فبروری کو زمبابوے کے خلاف کھیلتے ہوئے کریس گیل کی طرف سے بنائے گئے 215 رن کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ۔ ونڈے انٹرنیشنل میچوں میں 264 رن بناتے ہوئے ہندوستان کے روہت شرما پہلے مقام پر ہیں ‘ لیکن ونڈے انٹرنیشنل میچ میں نیوزی لینڈ کے کھلاڑی کی یہ پہلی ڈبل سنچری ہے ۔گپٹل نے آج کے بھاری اسکور کے ساتھ ماضی میں بنائے گئے اپنے سب سے زیادہ اسکور 189 کے ریکارڈ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ۔ علاوہ ازیں ورلڈ کپ اننگز میں لگاتار دو سنچریاں بنانے والے بھی نیوزی لینڈ کے وہ پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں ۔ کوارٹر فائنل میں ویسٹ انڈیز کو شکست دینے کے بعد سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کا مقابلہ جنوبی افریقہ سے ہوگا ۔

قبل ازیں آج کھیل کے آغاز پر نیوزی لینڈ کی ٹیم کو زبردست دھکہ لگا‘ اصل رن بنانے والے کپتان برنڈن مکالم صرف 12رن کے معمولی اسکور پر ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے ۔ انہوں نے جیروم ٹیلر کی گیند کو غلط انداز میں کھیلتے ہوئے اُچھال دیا اور ہولڈر پوری مہارت کے ساتھ دوڑتے ہوئے صحیح مقام پر کیچ لے لیا ۔ نیوزی لینڈ کو لگنے والے اس دھکے سے شائقین میں صدمہ کی لہر دوڑ گئی ‘ تاہم گپٹل نے طوفانی انداز میں اننگز سنبھالتے ہوئے توقع سے زیادہ بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا ۔ ویسٹ انڈیز ٹیم کو آج صبح اُس وقت تقویت حاصل ہوئی تھی جب اُس کے اسٹار بیٹسمین کریس گیل کھیل کیلئے فٹ پائے گئے ۔

انہوں نے بہتر فیلڈنگ کا مظاہرہ کیا اور 16ویں اوور میں آندرے رسل کی گیند پر ولیمسن کو کیچ آؤٹ کردیا ۔ 44اوور میں انہوں نے رسل کی گیند پر ہی کوری اینڈرسن کو بھی آؤٹ کیا ۔ ولیمسن اُس وقت آؤٹ ہوئے جب نیوزی لینڈ کا اسکور دو وکٹ کے نقصان سے 89 رن تھا ۔ دو اہم بیٹسمین پویلین لوٹ جانے کے بعد یہ اننگز لڑکھڑتی نظر آئی لیکن گپٹل اور ٹیلر نے اننگز پر مکمل کنٹرول قائم کرلیا ۔ ایک مرحلہ پر سیمیول نے گپٹل کو آؤٹ کرنے کا موقع ضائع کردیا ‘ اس کے باوجود ویسٹ انڈیز کو دوسرا موقع ملا جب گپٹل کا اسکور صرف 86رن تھا ‘ انہوں نے سیمیول کی گیند کو جیروم ٹیلر کی سمت گھما دیا لیکن فیلڈر کے باؤنڈری پہنچنے تک دیر ہوچکی تھی اور گیند ان کے پاؤں پر گر پڑا ۔ ویسٹ انڈیز کے بولرس کیلئے آج کا دن اچھا نہیں رہا ۔ ان ناکامیوں کے علاوہ ٹیلر نے 7اوورس میں 71رن اور ہولڈر نے 8اوورس میں 76رنز دیئے ۔ رسل نے 10اوورس کا کوٹہ مکمل کیا جس میں انہوں نے 96رنز دیئے ۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم اگرچہ 8رنز فی اوور کے اوسط سے اسکور میں اضافہ کرتی رہی لیکن اس کے وکٹس بھی وقفہ وقفہ سے گرتے رہے ‘ اسطرح 31ویں اوور میں ویسٹ انڈیز کی اننگز 250 رن کے مجموعی اسکور پر ختم ہوگئی ۔