راجکوٹ۔5 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) کپتان ویراٹ کوہلي کی 24 ویں اور آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ کی پہلی سنچری کی بدولت ہندوستان نے اپنی پہلی اننگز نو وکٹ پر 649 رن کے ہمالیائی اسکور پر ختم کرنے کے بعد فاسٹ بولر محمد سمیع کی قیادت میں بولروں نے بھی مہمان ویسٹ انڈیز پر کسی طرح کی صلہ رحمی نہیں کی اور پہلے ٹسٹ کے دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک اس کے 94 رنز پر چھ وکٹس حاصل کرلئے ۔ ویسٹ انڈیز کے بولر ہندستانی بیٹسمینوں کے سامنے کمزور ثابت ہوئے اور میزبان ٹیم نے دوسرے دن چائے کے وقفہ سے ٹھیک پہلے 149.5 اوور میں نو وکٹ پر 649 رنز بنا کر اپنی پہلی اننگز ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ کوہلی نے 139 رنز کی سنچری بنائی اور 24 سب سے تیز سنچری بنانے کے معاملے میں سر ڈان بریڈمین کے بعد دوسرے بیٹسمین بن گئے جبکہ جڈیجہ نے ناٹ آؤٹ 100 رنز بنا کر کیریئر کی پہلی ٹسٹ سنچری اپنے نام کی۔ ہندستانی اننگز کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم بیٹنگ کے لیے اتری لیکن29 اوور میں دن کا کھیل ختم ہونے تک اس نے صرف 94 رنز بناکر کر اپنے چھ اہم وکٹ گنوا دیئے ۔ روسٹن چیس 27 رنز اور کیمو پال 13 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں اور مہمان ٹیم ہندوستان کے اسکور سے 555 رنز پیچھے ہے جبکہ اس کے پاس اب صرف چار وکٹ باقی ہیں۔ حالات اسے ایک اننگز کی شکست کی طرف لے جارہے ہیں۔ محمد سمیع نے ویسٹ انڈیز کے دونوں اوپنر کارلوس بریتھویٹ (2) اور کیرن پاول (1) کے وکٹ لی ۔ شای ہوپ (10) کو روی چندرن اشون نے بولڈ کر تیسری وکٹ نکالی۔اپنی پہلی ٹسٹ سنچری بنانے والے آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ نے شمرون ھتمائر (10) کو اور سنیل ایمبرس (12) کو آؤٹ کیا جبکہ وکٹ کیپر شین ڈارچ (10) کو چائنامین بولر کلدیپ یادو نے آؤٹ کیا۔ رشبھ پنت (92) اپنی سنچری سے صرف آٹھ رنز دور رہ گئے ۔