ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کو ونڈے سیریز کیلئے ٹیم کی تلاش

پورٹ آف اسپین، 4 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) زمبابوے میں ٹرائی سیریز سے محرومی کے بعد ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ اب بھی چمپئنز ٹرافی تک رسائی کیلئے ونڈے کی حریف ٹیم تلاش کرنے کی کوششیں کر رہا ہے۔ تاہم ہندوستان اس میں شامل نہیں۔ ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو مائیکل موائرہیڈ کے مطابق پاکستان کی دستبرداری کے بعد ٹرائی سیریز کا منصوبہ ختم ہو چکا جس کیلئے وہ پاکستان کو الزام نہیں دیں گے کیونکہ اس کی وجہ سمجھ میں آتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ دستیاب ٹیموں کی تلاش کے ساتھ مختلف آپشنز پر غور کر رہے ہیں مگر یقین نہیں کہ ایسا ہو سکتا ہے۔ انہوں نے اس خبر سے لاعلمی ظاہر کی کہ ویسٹ انڈیز نے قطعی مہلت کی تاریخ سے قبل ہندوستان سے سیریز کیلئے رابطہ کیا ہے۔ پاکستان نے سری لنکا میں سیریز جیت کے بعد ٹرائی سیریز سے دستبرداری اختیار کرلی۔