ویسٹ انڈیز کا پہلی وکٹ کیلئے 365 رنز کا نیا عالمی ریکارڈ

ڈبلن ۔6 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) ویسٹ انڈیز کے اوپنرزجون کیمپ بیل اور شائی ہوپ نے ڈبلن میں آئرلینڈ کے خلاف 365 رنز کی شراکت قائم کرکے ونڈے میں پہلی وکٹ کی سب سے بڑی پارٹنر شپ کا پاکستانی اوپنر فخر زمان اور امام الحق کا ریکارڈ توڑ دیا۔ ویسٹ انڈیز کے دونوں اوپنرس نے باآسانی پاکستانی جوڑی کے گزشتہ سال جولائی میں بولاوایو میں زمبابوے کے خلاف بنائے گئے 304 رنز کے ریکارڈ کو توڑا۔کلون ٹارف میں آئرلینڈ کے کپتان ولیم پورٹر فیلڈ کی جانب سے بیٹنگ کی دعوت دینے پر کیمپ بیل نے 179 اور ہوپ نے 170 رنز بنائے، میچ میں ویسٹ انڈیز کا مجموعی اسکور 381 رنز رہا۔ ہوپ نے سب سے پہلے سنچری بنائی جس کے بعد کیمپ بیل نے بھی ونڈے کیریئر کے اپنے پہلے میچ میں سنچری بنائی۔ دونوں کھلاڑی 48 ویں اوور میں آؤٹ ہوئے۔ کیمپ بیل نے 137 گیندوں کا سامنا کیا جن میں انہوں نے 15 چوکے اور 6 چھکے مارے جبکہ ہوپ نے 152 گیندوں پر 22 چوکے اور 2 چھکے مارے۔ مردوں کے 4 ہزار 128 ونڈے میچ کی تاریخ میں سب سے بڑی پارٹنر شپ اسکور کا ریکارڈ بھی ویسٹ انڈیز کے پاس ہے جوکرس گیل اور مارلن سیموئلز نے 2015 کے ورلڈکپ میں زمبابوے کے خلاف دوسری وکٹ پر 372 رنز سے بنایا تھا۔علاوہ ازیں ویسٹ انڈیز نے آئر لینڈ کو سہ رخی ون ڈے سیریز کے افتتاحی میچ میں196رنز سے شکست دیدی۔ ویسٹ انڈیز نے تین وکٹوں پر 381 رنز بنائے۔ جان کیمبل179اور شائی ہوپ 170رنز بناکر نمایاں رہے۔ بیری میک کارتھی نے دو اورمارک ایڈیئر نے ایک وکٹ لی۔ جواب میں آئرش ٹیم35 ویں اوورکی چوتھی گیند پر185رنز بناکر آل آوٹ ہوگئی۔ کیون اوبرائن68 ،گیری ولسن 30 اوراینڈی بالبیرنی29 رنز بناکر نمایاں رہے۔ ایشلے نرس نے چار، شینن گبرائیل نے تین اورکیمر روچ نے دو وکٹیں لیں۔