ویسٹ انڈیز کا غیر معمولی مظاہرہ‘ نیوزی لینڈ سے سیریز برابر

٭ ونڈے کرکٹ میں ویسٹ انڈیز کا اعظم ترین 363 رنز اسکور
٭ نیوزی لینڈ کو پانچویں ونڈے میں 203 رنز کی شکست
٭ 81 گیندوں میں 106 رنز بنانے پر براوو ’مین آف دی میچ‘
ہملٹن۔ 8؍جنوری (سیاست ڈاٹ کام)۔ ویسٹ انڈیز نے ونڈے کرکٹ کا اپنا اعظم ترین مجموعی اسکور بناتے ہوئے یہاں نیوزی لینڈ کو سیریز کے پانچویں اور آخری ونڈے میں 203 رنز سے شکست دیتے ہوئے سیریز کو 2-2 سے مساوی کرلیا ہے۔ کرک ایڈورڈ اور ڈیون براوو نے سنچریاں اسکور کیں اور ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورس میں صرف 4 وکٹس کے نقصان پر 363 رنز اسکور کئے جس کے بعد ویسٹ انڈیز کے بولر نکیتا ملر نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو 160 رنز تک محدود رکھنے میں کلیدی رول ادا کیا۔ ملر نے 10 اوورس میں 45 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ جیسن ہولڈر نے 35 اور اینڈریو رسل نے 31 رنز کے عوض فی کس 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ویسٹ انڈیز کا یہ ونڈے کرکٹ میں اعظم ترین اسکور رہا، جیسا کہ اس نے 1987ء میں سری لنکا کے خلاف بنائے جانے والے 360 رنز کے اسکور کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ایڈورڈ اور براوو جس وقت وکٹ پر یکجا ہوئے، اُس وقت ویسٹ انڈیز کا اسکور 143/3 تھا اور دونوں نے چوتھی وکٹ کے لئے 211 رنز کی پارٹنرشپ نبھائی۔

ایڈورڈ نے 108 گیندوں میں 12 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے ناقابل تسخیر 123 رنز اسکور کئے جب کہ براوو نے 81 گیندوں میں 12 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 106 رنز کی اننگز کھیلی۔ قبل ازیں اوپنر کیرن پاول نے 44 گیندوں میں 12 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 73 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم کو بہتر شروعات فراہم کی۔ انھوں نے نیوزی لینڈ کے بولر میچل مائیک کلین گھان کے ایک اوور میں 18 رنز اسکور کئے اور اس اوور میں شائقین میں موجود ایک شخص نے خوش قسمتی کا کیچ پکڑتے ہوئے 83 ہزار امریکی ڈالر انعام حاصل کرلیا۔ یہ انعام دراصل ایک کمپنی کی جانب سے اعلان کردہ وہ انعام تھا جس میں اگر کوئی شائقین میں موجود فرد کسی کھلاڑی کا میدان کے باہر کیچ پکڑتا ہے تو اسے انعامی رقم دی جائے گی۔ اس اوور کے بعد کپتان برنڈن مکالم نے اپنے بھائی نیتھن مکالم کو بولنگ کے لئے طلب کیا اور ان کی یہ حکمت ِ عملی کامیاب بھی رہی، جیسا کہ انھوں نے پاول کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا جوکہ سوئیپ کرنے کی کوشش میں آؤٹ قرار دئے گئے۔ بعد ازیں ساتھی اوپنر جانسن چارلس بھی مکالم کے راست تھرو پر آؤٹ ہوئے اور انھوں نے 31 رنز کا انفرادی اسکور بنایا۔
ویسٹ انڈیز نے اوپنرس کی جانب سے پہلی وکٹ کے لئے بنائے جانے والے 95 رنز کا بھرپور فائدہ اُٹھاتے ہوئے ریکارڈ اسکور بنایا۔ ویسٹ انڈیز نے آخری 10 اورس میں 117 رنز اسکور کئے۔ جوابی اننگز میں نیوزی لینڈ کی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا، جیسا کہ ابتدائی 15 اوورس میں اس کی 5 وکٹیں محض 65 رنز کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ چکی تھیں۔ نیوزی لینڈ کے اوپنرس مارٹن گپٹل 6 رنز بناکر ایل بی ڈبلیو اور خطرناک تصور کئے جانے والے جیسی رائیڈر 17 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ برنڈن مکالم بھی بہتر مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے اور وہ 14 گیندوں میں صرف 6 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ کے لئے اعظم ترین اسکور کورے جیمس اینڈرس نے بنایا جنھوں نے 24 گیندوں میں 4 چوکوں کی مدد سے 29 رنز اسکور کئے۔ ویسٹ انڈیز کے کپتان براوو کو تیز رفتار سنچری پر مقابلہ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ انھوں نے بولنگ میں ہولڈر کے ساتھ اننگز کا آغاز کرتے ہوئے 5 اوورس میں 12 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔