دبئی۔27 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی اور ویسٹ انڈیز بورڈ کے سربراہ ڈیوڈ کیمرون کے درمیان تازہ رابطے کے بعد پاکستان ویسٹ انڈیز سیریز میں نئی اور مثبت خبر آئی ہے۔ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو ملنے والی نئی تجویز کے بعد اب اس بات کا دعویٰ کیا جارہا ہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ٹوئنٹی 20 مقابلے اب نئی تاریخوں میں اپریل میں ہوں گے اور لاہور میں تین میچ کھیلنے کے بعد ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی آئی پی ایل کیلئے ہندوستان روانہ ہوں گے۔7اپریل کو آئی پی ایل کا پہلا میچ ممبئی میں کھیلا جائے گا۔ قبل ازیں یہ تین میچ 29،31مارچ اور یکم اپریل کو کروانے کا اعلان کیا گیا تھا۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے گذشتہ سال نومبر میں پاکستان کا دورہ کرنا تھا۔ نجم سیٹھی نے دبئی میں میڈیا نمائندوں کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ سیریز کے بارے میں ہمیں بھی خدشات تھے لیکن اب نئی تجویز ملی ہے کہ ویسٹ انڈین ٹیم لاہور میں یکم، دو اور چار اپریل کو میچز کھیلے گی۔ کھلاڑی لاہور میں چار دن قیام کریں گے۔ ہمیں اس بارے میں ویسٹ انڈین بورڈ کو جواب دینا ہے اس لئے سیریز کی منسوخی کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ ذرائع کے بموجب سیریز کی تیاریوں کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد دبئی سے لاہور چلے گئے ہیں۔ پاکستان سوپر لیگ فائنل کے بعد پاکستانی کرکٹرز 27 مارچ کو مختصر کیمپ کیلئے لاہور میں جمع ہوں گے۔2013میں زمبابوے کرکٹ ٹیم لاہور میں میچ کھیل چکی ہے۔گذشتہ سال پاکستان سوپر لیگ فائنل کے علاوہ ورلڈ الیون نے لاہور میں تین ٹوئنٹی20 میچ کھیلے ہیں۔ سری لنکا نے ایک ٹوئنٹی20 میچ کھیلا ہے۔ اس سال ویسٹ انڈیز کی سیریز سے قبل پاکستان سوپر لیگ کے دو پلے آف لاہور میں ہوں گے۔25 مارچ کو کراچی پی ایس ایل فائنل کی میزبانی کرے گا۔ نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے لئے ہماری کوششیں درست سمت میں جارہی ہیں۔ ویسٹ انڈین بورڈ کو پاکستان کی جانب سے جواب ملنے کے بعد دورے کی تصدیق کرنا ہے۔ پی ایس یل کے بعد ہماری ٹیم فرصت میں ہے اس لئے ہمیں تاریخوں پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ ویسٹ انڈیز بورڈ کے چیئرمین ڈیوڈ کیمرون نے مارچ میں لاہور کا دورہ بھی کیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ سے نصف درجن اجلاس کے بعد اب نئی تاریخیں سامنے آئی ہیں۔ یہ سیریز ایسے وقت ہوگی جب ویسٹ انڈین بورڈ کو اس سے چند دن پہلے زمبابوے میں ورلڈ کپ کوالیفائر میں بھی شرکت کرنا ہے۔ اگست میں امریکہ میں ہونے والا تین ملکی ٹورنمنٹ بھی ہونا ہے جس کا میزبان ویسٹ انڈین بورڈ ہوگا۔ پاکستان، ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کے درمیان ہونے والے اس تین ملکی ٹورنمنٹ کے میچ ہیوسٹن اور فلوریڈا میں کروانے کی تجویز ہے۔