ویسٹ انڈیز ویمنس ٹیم کی تاریخی کامیابی ، آسٹریلیا کا تسلطختم

سنسنی خیز فائنل میں صنف ِ نازک کے جارحانہ تیور ، ایڈن گارڈن پر جشن ، براوو کی دُھن پر خاتون کھلاڑیوں کا رقص
کولکتہ۔ 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز ویمنس کرکٹ ٹیم نے پہلی مرتبہ آئی سی سی ورلڈ ٹی۔20 ٹائٹل جیت کر ایک نئی تاریخ بنائی۔ جزائر غرب الہند کی لڑکیوں نے انتہائی بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کی ویمنس کرکٹ ٹیم کو آج یہاں کھیلے گئے فائنل میں 8 وکٹس سے بدترین شکست دی، جس کے ساتھ ہی اس فارمیٹ میں لگاتار تین مرتبہ چمپین رہنے والی ٹیم کا تسلط بھی ختم کردیا۔ ویسٹ انڈیز کی اوپنرس ہیلی میتھیوز (45 گیندوں میں 66 رنز) اور کپتان اسٹیفان ٹیلر (57 گیندوں میں 59 رنز) نے 120 رنز کی کامیاب ساجھیداری کے ذریعہ اپنی ٹیم کی فتح کیلئے مضبوط بنیاد رکھی جس کی مدد سے ان کی ساتھی کھلاڑیوں نے ورلڈ کپ میں پہلی فتح کیلئے آسٹریلیائی حریفوں کی طرف سے مقررہ 149 رنز کے ہدف کا بہ آسانی تعاقب کیا۔ آخر میں ’’اوور تھرو‘‘ کی مرہون منت جیسے ہی ویسٹ انڈیز کی ٹیم فتح کے ہدف پر پہونچی کہ ایڈن گارڈن اسٹیڈیم میں جشن کا آغاز ہوگیا۔ اسٹیفائن کی قیادت میں فاتح ٹیم کی تمام کھلاڑی ایک دوسرے بغلگیر ہوتے ہوئے مبارکباد کا تبادلہ کیا اور پُرجوش شائقین بھی میدان میں جمع ہوگئے۔

 

2 ناٹ آؤٹ بیٹسمین ویمنس بریٹنی کوپر اور ڈنیڈرا ڈوئن کو ان کی ساتھیوں نے گھیر لیا۔ جشن کی خاص بات یہ رہی کہ ویسٹ انڈیز مینس ٹیم کے کپتان ڈیرن سیمی، بولنگ کوچ کرٹلی ایمبروز اور آل راؤنڈر اینڈری رسل بھی فاتح لڑکیوں کو مبارکباد دینے والوں میں شامل ہوگئے جس کے ساتھ ہی ان کی خوشیاں دوبالا ہوگئیں۔ ایک دشوار لیکن پورے عزم و جرأت کے ساتھ حاصل ہونے والی فتح پر ویسٹ انڈیز کی لڑکیوں نے قبل ازیں ڈیوائن بریویو سے کئے گئے وعدہ کو نبھاتے ہوئے اس آل راؤنڈر (بریویو) کی تازہ ترین دھن ’’چمپین‘‘ کی گونج کے درمیان مسحور رقص کیا۔ ٹی۔20 انٹرنیشنل کے 9 مقابلوں میں آسٹریلیا کے خلاف ویسٹ انڈیز کی لڑکیوں کی یہ پہلی جیت تھی۔ ہیلی متھیوز فاتح ٹیم کی اسٹار بیٹسمین وومن رہیں، جنہوں نے بولنگ کے طوفانی حملوں کا جارحانہ جواب دیا جبکہ اسٹیفائن پرسکون اور سلجھے ہوئے انداز میں کپتان کی ذمہ داری نبھاتے ہوئے محل و موقع کے اعتبار سے طاقتور شاٹس لگاکر خوب داد حاصل کرتی رہیں۔ 16 ویں اوور میں ہیلی مِڈ وکٹ پر آؤٹ ہوگئیں، اس وقت ویسٹ انڈیز کو کامیابی کیلئے 26 گیندوں میں 29 رنز درکار تھے۔ بعدازاں آخری دو اوورس ہدف کی تکمیل کیلئے 14 رنز درکار تھے چنانچہ ماہر و تجربہ کار ڈوٹننے اپنی ٹیم کی پُرسکون انداز میں تاریخی فتح کے ساتھ وطن واپسی کو یقینی بنایا۔ آخر اوور میں 3 رنز درکار تھے کہ ڈوئن نے ایک سنگل لیتے ہوئے کوپر کو شاٹ لگانے کا موقع دینے کیلئے ایک سنگل کے لئے دوڑ لگائی۔ اس دوران آسٹریلوی فیلڈر نے گیند پھینکنے میں معمولی غلطی کی چنانچہ وہ کوپر کو رن آؤٹ کرنے میں ناکام ہوگئے۔ اوور تھرو کی غلطی کے سبب ویسٹ انڈیز کی لڑکیوں نے ’’فتح‘‘ کا رن بھی مکمل کرلیا۔ قبل ازیں آسٹریلیا کی کپتان مگ لاننگ (52) اور اوپنر ایلس ویلان (52) نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں لیکن ویسٹ انڈیز کی لڑکیوں نے بہترین بولنگ اور فیلڈنگ کے ذریعہ آسٹریلیا کی ٹیم کو 20 اوورس میں 5 وکٹس کے نقصان کے ساتھ 148 کے رنز کے مجموعی اسکور تک محدود رکھا۔