کنگسٹن10 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز نے 2 ٹسٹ مقابلوں کی سیریز کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کو10 وکٹوں سے شکست دے کر 1-0 کی سبقت حاصل کرلی۔براتھ ویٹ کی شاندار ڈبل سنچری کی بدولت ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں 484 رنز بنا کر اننگز ڈیکلیئر کر دی تھی جبکہ پہلی اننگز میں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 182 رنز بنا کر فالو آن کھیلنے پر مجبور ہوئی۔دوسری اننگز میں کپتان مشفق الرحیم کی116 رنز کی بدولت بھی پوری ٹیم 314 رنز بناکر محض12رنز کی سبقت حاصل کر سکی۔ویسٹ انڈیز نے مطلوبہ نشانہ 13 رنز بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے پورا کر لیا۔ شاندار بیٹنگ پر براتھ ویٹ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔میچ کے چوتھے دن بنگلہ دیش نے اپنی دوسری اننگز 256 رنز 5 وکٹوں سے شروع کی تو کپتان مشفق الرحیم کے علاوہ کوئی کھلاڑی وکٹ پرنہ ٹھہر سکا۔ناصر حسین 19رنز بناسکے جبکہ چار کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئے۔ آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی مشفق الرحیم رہے جنھوں نے ایک چھکا اور15چوکوں کی مدد سے 116رنز بنائے۔