ویسٹ انڈیز نے انڈیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی

ممبئی ، 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز نے آج ہندوستان کو آئی سی سی ورلڈ T20 کے دوسرے سیمی فائنل میں ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کیلئے مدعو کیا ہے۔ یہاں وانکھیڈے اسٹیڈیم میں ڈارن سامی نے میزبانوں کو پچ سے پہلے استفادے کا موقع فراہم کیا۔ شاید وہ اپنی ٹیم کی بیٹنگ کو اصل طاقت سمجھتے ہیں اور انھوں نے اس پہلو کو بھی پیش نظر رکھا ہوگا کہ میچ کا آغاز شام 7 بجے ہوا ہے اور دوسری اننگز کے دوران ممکنہ اوس کی وجہ سے مہیندر سنگھ دھونی کے بولروں کو مشکل پیش آئے گی۔ ٹیم انڈیا نے اپنے گزشتہ میچ کی لائن اپ میں دو تبدیلیاں کرتے ہوئے ایونٹ سے خارج زخمی یوراج سنگھ کی جگہ منیش پانڈے اور آؤٹ آف فام اوپنر شکھر دھون کے مقام پر اجنکیا رہانے کو قطعی گیارہ میں شامل کیا ہے۔ ویسٹ انڈیز نے انجرڈ اینڈرے فلیچر کی جگہ لنڈل سیمنس کو شامل کیا۔