ویسٹ انڈیز میں ہندوستان کو شکست دینے کی صلاحیت موجود: رچرڈ سن

ممبئی۔ یکم اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے مینجر رچی رچرڈسن نے آج کہا ہے کہ ہندوستانی ٹیم انگلینڈ کے ناکام دورہ کے باوجود شاندار واپسی کی صلاحیت رکھتی ہے لیکن ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں بھی یہ صلاحیت موجود ہے کہ وہ ہندوستان کو شکست دے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز ٹیم کے سابق کپتان رچرڈسن نے کہا کہ جب آپ بحیثیت سرفہرست ٹیم شکست برداشت کرتے ہیں تو اپنی خامیوں پر قابو پانے کیلئے زیادہ وقت نہیں دیتے اور ایسے ہی مسائل ہندوستان کے ساتھ بھی درپیش ہے۔ نیز انگلینڈ کے دورہ پر ٹسٹ سیریز میں شکست کے باوجود ہندوستانی ٹیم ایک طاقتور ٹیم ہے جو ہوم سیریز میں کامیابی کیلئے کوشاں ہوگی۔ رچرڈسن نے اعتراف کیا ہے کہ ہندوستانی ٹیم درجہ بندی میں بھلے ہی اعلیٰ مقام پر فائز ہیں لیکن ان کی ٹیم بھی ایک متوازن ٹیم ہے جو ہندوستان کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ہندوستانی ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز کے دوران 5 ونڈے ، ایک ٹوئنٹی 20 اور اس کے بعد تین ٹسٹ مقابلوں میں شرکت کرے گی جبکہ مہمان ٹیم ویسٹ انڈیز ہندوستان کے دورہ پر دو وارم اپ مقابلوں میں بھی شرکت کرے گی۔ وارم اپ مقابلوں کے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے 52 سالہ رچرڈ سن نے کہا کہ ہندوستان کے خلاف سیریز کا آغاز کرنے سے قبل وارم اپ مقابلوں کے علاوہ چمپینس لیگ ٹورنمنٹ میں شرکت کر رہے ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں کی پریکٹس سے ویسٹ انڈیز کو فائدہ ہوگا۔