ویسٹ انڈیز میں ورلڈ کپ کی تیاریاں مکمل

کنگسٹن۔3 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) ویسٹ انڈیز رواں ماہ ویمنز ورلڈ ٹی20کرکٹ کپ کی میزبانی کرے گا۔ میگا ایونٹ 9 تا 24 نومبر تک کھیلا جائیگا، یہ ٹی 20 ورلڈکپ ٹورنامنٹس کی تاریخ کا پہلا موقع ہوگا کہ صرف خواتین ایونٹ منعقد ہو گا۔ اس سے قبل مرد اور خواتین ورلڈکپ ٹورنمنٹس ایک ساتھ منعقد ہوتے تھے۔ ویسٹ انڈیز کو 8 برس بعد میگا ٹورنمنٹ کی میزبانی کا اعزاز ملا ہے۔ویسٹ انڈیز نے آخری بار 2010 ء میں مینز اینڈ ویمنز ایونٹس کی میزبانی کی تھی۔ مینز ایونٹ میں انگلینڈ اور ویمنز میں آسٹریلیا فاتح رہا تھا۔ رواں سال 9 تا 24 نومبر مقرر ایونٹ کے میچز اینٹی گووا اینڈ باربوڈا، گیانا اور سینٹ لوشیا میں کھیلے جائیں گے۔ میزبان ویسٹ انڈین ٹیم خطاب کا دفاع کرے گی۔ دفاعی چمپئن بشمول نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، پاکستان، ہندوستان، جنوبی افریقہ، سری لنکا اور ورلڈ ٹی ٹونٹی کوالیفائر کی دو ٹیمیں عالمی خطاب کے حصول کیلئے ایکشن میں دکھائی دیں گی۔