کراچی ۔27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام )پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ٹوئنٹی20 میچوں کے لئے 15 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا جس میں پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان کھلاڑیوں کو بھی موقع دیا گیا۔پی ایس ایل میں اچھی کار کردگی کی بنیاد پر ٹیم میں شامل ہونے والے حسین طلعت اور آصف علی اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ تھے جہاں انھوں نے اپنی کارکردگی سے سلیکٹرز کو متاثر کیا۔فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے لاہور قلندرز کی نمائندگی کرتے ہوئے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کیا تھا جس کے بعد انہیں ٹیم میں موقع دیا گیا۔خیال رہے کہ پی ایس ایل کی ٹیم پشاور زلمی کی جانب ٹورنمنٹ میں بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے والے کامران اکمل کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے جنھوں نے ٹورنمنٹ کی واحد سنچری بنائی تھی اور پی ایس ایل کے بہترین بیٹسمین کا ایوارڈ بھی حاصل کیا نیز محمد حفیظ بھی ٹیم میں اپنی جگہ برقرار نہیں رکھ پائے۔نیشنل اسٹیڈیم میں یکم اپریل کو شروع سے ہونے والی سیریز کے لیے سرفراز احمد کی قیادت میں 15 رکنی ٹیم میں حارث سہیل اور عماد وسیم کو زخمی ہونے کے باعث شامل نہیں کیا گیا ہے جبکہ عامر یامین ٹیم میں جگہ نہیں بنا سکے۔پاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔سرفراز احمد (کپتان)، فخر زمان، احمد شہزاد، بابر اعظم، شعیب ملک، آصف علی، حسین طلعت، فہیم اشرف، محمد نواز، شاداب خان، محمد عامر، حسن علی، راحت علی، عثمان شنواری، شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کا پہلا میچ یکم اپریل، دوسرا میچ 2 اپریل اور تیسرا میچ 3 اپریل کو کھیلا جائے گا۔