ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کے درمیان آج دلچسپ مقابلہ متوقع

میرپور ۔ 27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جارحانہ اوپنر کریس گیل اپنے طاقتور اسٹروکس کو واپس حاصل کرنے کے خواہاں ہوں گے جیسا کہ کل ویسٹ انڈیز آسٹریلیا کے خلاف میدان میں اترے گی تو دوسری جانب آسٹریلیائی ٹیم گلین مائیکس ویل پر انحصار کرے گی تاکہ دوسرے گروپ کے اس لیگ مقابلہ میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیمی فائنل میں رسائی کے اپنے امکانات کو برقرار رکھ سکیں۔ کریس گیل نے ہندوستان کے خلاف 34 اور بنگلہ دیش کے خلاف 48 رنز اسکور کئے ہیں لیکن ان دونوں مقابلوں میں ان کی تیز رفتار بیٹنگ دیکھنے کو نہیں ملی ہے

کیونکہ گیل مقابلہ کے ابتدائی اوورس میں تیزی سے رنز نہیں بنا پائے ہیں۔ آسٹریلیائی ٹیم کریس گیل کو آسان تصور نہیں کرے گی کیونکہ کسی بھی دن یہ خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں۔ دوسری جانب آسٹریلیائی ٹیم کو اس مقابلہ میں کامیابی حاصل کرنا ضروری ہے چونکہ اسے افتتاحی مقابلہ میں پاکستان کے خلاف شکست ہوئی ہے حالانکہ اس مقابلہ میں میکس ویل نے انتہائی برق رفتار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 73 رنز اسکور کئے تھے جس میں انہوں نے زیادہ تر سعید اجمل کو نشانہ بنایا تھا۔ آسٹریلیائی ٹیم اپنے اوپنر ڈیویڈ وارنر سے بہتر آغاز کے علاوہ میکس ویل سے ایک اور اننگز کی امید کررہی ہے۔