ویسٹ انڈیز آل راؤنڈرآندرے رسل پر ایک سال کی پابندی

جمائیکا۔یکم فروری (سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے اسٹار آل راؤنڈر آندرے رسل پر ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی پر ایک سال کے لئے کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کردی گئی۔ رپورٹ کے مطابق انسداد ڈوپنگ ٹریبیونل کے چیئرمین ہیو فلکنر نے فیصلہ سنایا اور جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ آندرے رسل اینٹی ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوئے ہیں۔ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں دو مرتبہ چمپیئن بننے والی ویسٹ انڈیز ٹیم کا حصہ رہنے والے رسل کو گزشتہ سال اینٹی ڈوپنگ کے قوانین کے مطابق 2015 میں تین مرتبہ ٹسٹ نہ کروانے پر قانون کی خلاف ورزی پر جواب طلب کیا گیا تھا اور وہ قوانین کے مطابق ٹسٹ کروانے میں ناکام رہے تھے۔28 سالہ آندرے رسل کی پابندی کا اطلاق 31 جنوری سے شروع ہوچکا ہے ۔واضح رہے کہ عالمی ڈوپنگ قوانین کے تحت اگر کوئی کھلاڑی 12ماہ کے عرصے میں تین مرتبہ بلانے پر بھی ٹسٹ کیلئے حاضر نہ ہو تو اسے ڈوپ ٹسٹ میں ناکام تصور کیا جاتا ہے۔آندرے رسل کے حوالے سے ابتدائی طورپر دوسالہ پابندی کا خطرہ ظاہرکیا جارہا تھا تاہم ٹریبیونل نے سزا کو ایک سال تک محدود کردیا ہے۔سماعت کے دوران ڈوپنگ الزامات عائد کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ رسل کو ان کے گھر فون اور دیگر طریقوں سے یاد دہانی کروائی گئی لیکن انہوں نے اس کو نظرانداز کیا۔جواب میں رسل نے کہا کہ انہوں نے اپنے معاملہ کے لئے صحیح طریقے تیاری نہیں کی۔آندرے رسل پی ایس ایل سمیت دنیا کی ٹی ٹوئنٹی لیگ کے لئے اہم کھلاڑی تصور کئے جاتے ہیں۔ رسل نے پی ایس ایل کے پہلے سیزن میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کو ابتدائی چمپیئن بنوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا اور اب پابندی کے بعد وہ لیگ کے دوسرے سیزن میں کھیلتے ہوئے نظر نہیں آئیں گے۔رسل کے مقام پر اب ٹیم میں انگلش کھلاڑی اسٹیون فن کو شامل کیا گیا ہے۔