ویسٹ انڈیز۔پاک ونڈے سیریز‘ورلڈ کپ میں رسائی کیلئے اہم

دبئی۔ 7 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) ورلڈ کپ میں براہ راست رسائی کیلئے پاکستانی ٹیم  کو ویسٹ انڈیز میںکامیابی کا چیلنج درپیش ہے۔آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں 89 پوائنٹس کیساتھ آٹھویں مقام کی حامل پاکستانی ٹیم نویں نمبر پر موجود ویسٹ انڈیز سے صرف دو پوائنٹس آگے ہے جس کے باعث اپریل میں دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز اہمیت اختیار کرگئی ہے اور سیریز ہارنے والی ٹیم کے میگا ایونٹ کا کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنے کے امکانات ہیں ۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ سے شکست کے بعد بھی آسٹریلیائی ٹیم  نمبر ون تو  ہے لیکن جنوبی افریقہ  فاصلہ کم کرتے ہوئے پہلے مقام کے قریب پہنچ گئی ہے۔ تفصیلا ت کے مطابق ورلڈ کپ 2019 ء میں براہ راست رسائی کیلئے پاکستان اور ویسٹ انڈیز میں سخت مقابلہ ہے کیونکہ میگا ایونٹ میں وہی آٹھ ٹیمیں راست  رسائی حاصل کریں گی جو 30 ستمبر 2017 ء کی قطعی تاریخ تک پہلے آٹھ مقامات پر فائز ہوں گی۔پاکستانی ٹیم گزشتہ دو سال سے شدید مشکلات کا شکار ہے جہاں اسے بنگلہ دیش سمیت متعدد ٹیموں کیخلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا اور اس کی رینکنگ میں مسلسل تنزلی ہوتی چلی گئی۔پاکستان نے گزشتہ سال انگلینڈ کے خلاف 4-1 سے شکست کھانے کے بعد یواے ای میں ویسٹ انڈیز کیخلاف 3-0  سے کلین سوئپ کرکے اپنی ساکھ کچھ بہترکی لیکن آسٹریلیا میں 4-1  کی شکست نے اسے پھر مشکل میں ڈال دیا کیونکہ اس وقت پاکستانی ٹیم 89 نشانات کے ساتھ آٹھویں اور ویسٹ انڈیز 87 نشانات کیساتھ نویں نمبر پر موجود ہے۔