رقم ضبط، ملزمین کے مجرمانہ کردار، ڈی سی پی ساوتھ زون کا بیان
حیدرآباد ۔ 22 نومبر (سیاست نیوز) ساوتھ زون پولیس نے دبیرپورہ ڈکیتی معمہ کو حل کرتے ہوئے 5 افراد کو مسروقہ رقم کے ساتھ گرفتار کرلیا۔ اس خصوص میں ڈپٹی کمشنر آف پولیس ساوتھ زون مسٹر ستیہ نارائنا نے پرانی حویلی میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران سارقین کی ٹولی کو میڈیا کے روبرو پیش کیا۔ یاد رہے کہ 25 اکٹوبر کی رات ایک ویسٹرن یونین کے مالک کی آنکھوں میں مرچ پاؤڈر ڈال کر بیس بال اور ہاکی اسٹیک کے ذریعہ اس پر حملہ کیا گیا تھا اور اس دکان مالک کے قبضہ سے 5 لاکھ روپئے لیکر فرار ہوگئے تھے۔ ٹاسک فورس اور دبیرپورہ پولیس نے مشترکہ کارروائی کے دوران اس معاملہ میں ملوث 5 افراد 21 سالہ احمد حسین عرف عامر حسین 21 سالہ محمد عبدالسمیع ساکن پرانی حویلی، 24 سالہ سید عبدالشعیب ساکن چادرگھاٹ، 22 سالہ حیدر خاں ساکن ٹولی چوکی اور عبداللہ بن محمد بیامن ساکن دبیرپورہ کو گرفتار کرلیا او ران کے قبضہ سے 3 لاکھ 67 ہزار روپئے نقد رقم دو موٹر سیکل دو بیس بال اسٹک اور 5 سیل فون ضبط کرلئے۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ اس ڈکیتی کے معاملہ میں ملوث 5 افراد میں سمیع اور عبداللہ کے علاوہ دیگر تینوں افراد مبینہ طور پر مجرمانہ کردار رکھتے ہیں۔ اقدام جبراً وصولی اور آرمس ایکٹ جیسے سنگین دفعات کے تحت ان پر مقدمات درج ہیں جبکہ عبدالسمیع انٹرمیڈیٹ کا طالب علم ہے اور عبداللہ آپٹکل ریپیر کا کام کرتا ہے۔ عبدالسمیع تعلیم کے علاوہ اپنے والد کی آیورویدک کے کاروبار میں ان کی مدد کرتا تھا۔ دو ماہ قبل ایک روز شام وہ شکایت گذار کی دوکان سعودی ریال کو ہندوستانی کرنسی میں تبدیل کرنے گیا تھا جہاں ویسٹرن یونین میں رقمی لین دین دیکھ کر اس نے اپنے ساتھیوں کو اطلاع دی اور منصوبہ تیار کرتے ہوئے منظم انداز میں شکایت گذار پر ٹوٹ پڑے اور رقم کا سرقہ کرلیا تھا جس کو پولیس نے بے نقاب کرتے ہوئے ان سارقوں کو گرفتار کرلیا۔