حیدرآباد ۔ /3 مارچ (سیاست نیوز) سنٹرل کرائم اسٹیشن (سی سی ایس) کی مارکٹنگ انٹلیجنس ونگ نے ویزا فراہم کرنے کے بہانے نوجوانوں کو ٹھگنے والے ایک دھوکہ باز کو گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 28 سالہ سروچت کمار گپتا ویلی شالا نے انٹرنیٹ پر ایک اشتہار شائع کروایا جس میں بیرونی ممالک کے ویزا آسانی سے فراہم کرنے کا دعویٰ کیا ۔ اس اشتہار کو دیکھ کر کئی نوجوان راغب ہوگئے اور سروچت کمار سے ربط قائم کرتے ہوئے ویزا کے حصول کی خواہش کی ۔ نوجوانوں کو ٹھگنے کے منصوبے سے دھوکے باز نے فی کس 16 ہزار روپئے بطور ویزا پروسیسنگ فیس وصول کیا اور اس رقم کو ایچ ڈی ایف سی بینک کھاتے میں منتقل کروایا ۔ دھوکے باز سینکڑوں نوجوانوں سے رقم حاصل کرکے ویزا فراہم کرنے میں ناکام رہا اور اس سلسلے میں درخواست گزار نے سی سی ایس میں ایک شکایت درج کروائی جس کے نتیجہ میں سروچت کمار گپتا کو انسپکٹر ٹیکنیکل ٹیم مسٹر جی شنکر راجو نے گرفتار کرلیا اور اس کے قبضے سے سیمسنگ نوٹ ، موبائیل فون ، ایچ ڈی ایف سی ڈیبٹ کارڈ اور ایک کمپیوٹر سسٹم برآمد کرلیا ۔