بنگلور۔ 20 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ویراٹ کوہلی کی کپتانی والی رائل چیلنجرز بنگلور اتوار کو گھریلو میدان پر اپنی پلے آف کی آخری امیدوں کو بچائے رکھنے کے لیے ٹیبل میں سب سے اوپر اور مضبوط ٹیم چنئی سپر کنگ کے سخت چیلنج کا سامنا کرنے اترے گی۔چنئی نے نو میچوں میں سات جیتے ہیں اور 14 پوائنٹس لے کر وہ اپنے سرفہرست مقام پر بنی ہوئی ہے اور پلے آف میں جگہ پکی کرنے سے ایک قدم ہی دور ہے جبکہ بنگلور کے لیے اب صورت حال کرو یا مرو کی ہے جس نے نو میچوں میں صرف دو میچ جیتے ہیں اور سات میچ گنوانے کے بعد وہ ٹیبل میں آخری نمبر پر ہے ۔ باقی ہر میچ میں وراٹ کی ٹیم کو صرف جیت درکار رہے گی اور باقی ٹیموں کی پوزیشن کی بنیاد پر ہی پلے آف کی اس کی امید بن پائے گی۔بنگلور نے اگرچہ گزشتہ میچ میں کولکاتا نائٹ رائڈرس کے اسٹار آل راؤنڈر آندرے رسل کی 25 گیندوں میں 65 رن کی دھادار اننگز کے باوجود 10 رنز سے جیت درج کرنے میں کامیابی حاصل کی تھی جس نے اس کے حوصلے کو بڑھا یا ہے ۔ وراٹ کی ٹیم کے کے آر کو اسی کے گھر میں شکست دینے میں کامیاب رہی جو ٹورنامنٹ میں صرف اس کی دوسری جیت ہے ۔ بنگلور اب اپنے گھریلو میدان پر واپسی کر رہی ہے اور اس کے کپتان اورا سٹار اسکورر وراٹ اپنی بہترین فارم میں کھیل رہے ہیں جنہوں نے کے کے آر کے خلاف 100 رنز کی بہترین اننگز کھیلی جبکہ معین علی، پارتھیو پٹیل، اے بی ڈی ولیرس بھی اس کی بلے بازی کے اہم کھلاڑی ہیں۔مہندر سنگھ دھونی کی کپتانی والی چنئی کے سامنے بنگلور کو کچھ الگ ہی حکمت عملی سے اترنا ہوگا جس کے سامنے وہ گزشتہ میچ میں سات وکٹ کی مایوس کن شکست کھا چکے ہیں۔