نئی دہلی ، 3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کرکٹ ٹیم کا کوئی کھلاڑی اگر اپنے سینئر کرکٹر سے متاثر ہو تو یہ کوئی نئی بات نہیں لیکن اگر کوئی کرکٹر کسی فٹبالر سے متاثر ہوجائے تو اس میں دلچسپی کا پہلو نظر آتا ہے۔ انڈیا کی ٹسٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی کی کہانی بھی کچھ ایسی ہی ہے۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم میں سچن تنڈولکر، وریندر سہواگ، کپل دیو سمیت کئی لیجنڈ کھلاڑی گزرے ہیں لیکن کوہلی ان میں سے کسی سے بھی متاثر نہیں۔ اسپورٹس ویب سائٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق ویراٹ کوہلی پرتگالی فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو سے متاثر ہیں اور چاہتے ہیں کہ جس طرح رونالڈو اپنے شعبے میں محنت کرتے ہیں وہ بھی ان کے نقش قدم پر چلیں۔ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے ساتھ گفتگو میں ویراٹ کوہلی نے کہا کہ ’’میں کرسٹیانو رونالڈو سے بہت زیادہ متاثر ہوں اور ان سے سیکھتا ہوں، وہ اتنے عرصے سے دنیا کے بہترین فٹبالر ہیں اور یہ ان کی سخت محنت کا ہی ثمر ہے‘‘۔ کوہلی مزید کہتے ہیں ، ’’میں نے سنا ہے کہ رونالڈو دنیا میں سب سے زیادہ محنت کرنے والے فٹبالر ہیں اور شائد یہی وجہ ہے کہ آج وہ سب سے اوپر ہیں‘‘۔ ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی نے سال 2016ء میں مقبولیت کے ریکارڈز کو توڑتے ہوئے سلمان خان، شاہ رخ خان اور امیتابھ بچن کو پیچھے چھوڑ دیا تھا۔ فوربس انڈیا سلیبرٹی 100 لسٹ میں ویراٹ کو مقبول ترین سلیبرٹی قرار دیا گیا ہے۔ ویراٹ نے سب سے زیادہ کمائی والی شخصیات میں بھی بہتری دکھائی ۔ تاہم اس فہرست میں وہ سلمان اور شاہ رخ سے پیچھے ہیں۔