حیدرآباد /6 جولائی ( سیاست نیوز ) سائبرآباد،سائبر کرائم پولیس نے دو نائجریائی باشندوں کو گرفتار کرلیا جو ویب سائیٹ میں اشتہار کے ذریعہ عوام کو دھوکہ دے رہے تھے ۔ سائبر کرائم پولیس نے ان دونوں نائجریائی باشندوں 27 سالہ ایلکس روگری ایبوکو اور 31 سالہ اباکے متھیو کو گرفتار کرلیا ۔ ان کے اشتہار کو دیکھ کر ان کے راستہ میں آنے والے تمام افراد کی جانچ کی جارہی ہے ۔ چونکہ پولیس جانوروں کی خریداری میں دلچسپی کے علاوہ منشیات کی خریداری میں دلچسپی دکھانے والوں کو بھی منظر عام پر لانا چاہتی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ دونوں تین سال قبل شہر حیدرآباد اسٹوڈنٹ ویزا پر آئے تھے اور ایک نے خانگی ادارے میں اور ایک نے نظام کالج میں داخلہ لیا ۔ ملک کی مصروف ویب سائیٹ پر ’’ طوطے ‘‘ فروخت کرنے کا اشتہار دیکھ کر عوام کو دھوکہ دینے کی پالیسی کا انہوں نے آغاز کردیا ۔ انسپکٹر سائبر کرائم محمد ریاض الدین نے بتایا کہ جب ان گرفتار افراد سے پوچھ تاچھ اور تفتیش کے دوران انہوں نے چند حیرت انگیز انکشافات کا اظہار کیا ۔ جس چیز کی تشہیر کو خود ویب سائیٹ نے ممنوعہ قرار دیا ۔ یہ لوگ اس کے ذریعہ بھی نشیلی ادویات و منشیات کو فروخت کرنے کی پیشکش کر رہے ہیں ۔ ایسی ادویات کی تشہیر جاری تھی جس کے استعمال سے انسانی صحت کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے ۔ انسپکٹر ریاض الدین نے بتایا کہ پولیس مزید تفصیلات کیلئے ملزمین سے پوچھ تاچھ کر رہی ہیں۔