ویب سائٹ کا صحیح استعمال کرنے طلبہ کو مشورہ

کورٹلہ۔/10جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گورنمنٹ جونیر کالج بوائز کورٹلہ میں 9جنوری بروز جمعرات جناب محمد عبدالواحد پرنسپل گورنمنٹ جونیر کالج کے ہاتھوں اردو ویب سائٹ urduteachersKH.hpage.com لانچ کیا گیا۔ اس موقع پر منعقدہ جلسہ سے مخاطب کرتے ہوئے جناب محمد عبدالواجد پرنسپل نے کہا کہ آج کا دن بہت ہی خوشی کا دن ہے کیونکہ اس سے پہلے ہم یہ سوچتے تھے کہ یہ دور سائنسی دور ہے۔ سائنس و ٹکنالوجی اور انٹر نیٹ کا دور ہے۔ انہوںنے کہا کہ قدیم زمانے میں آنے والے واقعات کو جاننے کیلئے کتابوں اور اخبارات کا مطالعہ کیا جاتا تھا لیکن آج کے اس ترقی یافتہ دور میں طلباء ویب سائٹ کے ذریعہ گھر بیٹھے ساری دنیا کو دیکھ سکتے ہیں اور ہر چیز کو گھر بیٹھے حاصل کرسکتے ہیں۔ قدیم زمانے میں پی ایچ ڈی ڈگری حاصل کرنے والے طلباء مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے مواد حاصل کرتے تھے۔ لیکن آج پی ایچ ڈی ڈگری حاصل کرنے والے طلباء کو کسی مقام کو جانے کی ضرورت نہیں ہے ۔ آج طلبہ گھر بیٹھے مختلف ممالک کی لائبریریز کی کتابوں کا مطالعہ بآسانی کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جناب محمد فصیح الدین جنہوں نے کورٹلہ میں ویب سائٹ شروع کیا ہے وہ اس اسکول کے طالب علم رہ چکے ہیں۔ انہوں نے ایس ایس سی میں ٹاپر آکر ڈسٹرکٹ کریم نگر سے گولڈ میڈل حاصل کرچکے ہیں۔ خوشی کی بات یہ ہے کہ اس اسکول میں تعلیم حاصل کرچکے طالب علم محمد فصیح الدین نے اردو میڈیم ٹیچر اور طلباء کے لئے اردو ویب سائٹ لانچ کیا ہے ۔ اس ویب سائٹ میں ٹیچرس اور طلباء کو درکار مختلف معلومات فراہم کئی گئی ہیں۔ انہوں نے طلباء و طالبات سے نیٹ کا صحیح استعمال کرنے کو کہا۔ جناب محمد عبدالمعز کرسپانڈنٹ انڈین پبلک اسکول انگلش میڈیم نے کہاکہ طلباء ویب سائیٹ کے ذریعہ ساری دنیا کو اپنی مٹھی میں کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ علم ہماری میراث ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج مسلمانوں میں اردو زبان میں اپنے بچوں کو تعلیم دلوانے کا رجحان دن بہ دن ختم ہوتا جارہا ہے اور مسلمانوں پر اپنے بچوں کو انگلش میڈیم سے پڑھانے کا بھوت سوار ہوا ہے۔ انہوں نے والدین سے کہا کہ وہ اپنے بچوں کو مادری زبان میں ابتدائی تعلیم دلوائیں۔ انہوں نے طلباء و طالبات سے کہا کہ ویب سائٹ کا صحیح استعمال کرتے ہوئے فائدہ اٹھائیں۔ جناب کاظم لکچرر نے کہا کہ آج کا دور انٹر نیٹ کا دور ہے۔ اگر انٹرنیٹ کا صحیح استعمال کیا جائے تو یہ ہمارے لئے فائدہ مند ہے۔ آج اردو وکو زوال پذیر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ایسے وقت میں کورٹلہ جیسے مقام سے اردو ویب سائٹ کا شروع کیا جانا خوش آئند بات ہے۔ جناب محمد نعیم الدین امیر مقامی جماعت اسلامی ہند شاخ کورٹلہ نے کہاکہ آج اردو کو قومی سطح پر نظر انداز کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اردو کے بہی خواہوں، ٹیچرس، طلباء وطالبات کے لئے اردو کا ویب سائٹ بہت ضروری تھا۔ انہوں نے طلباء و طالبات سے الکٹرانک میڈیا کا صحیح استعمال کرتے ہوئے ترقی کی منزلیں طئے کرنے کو کہا۔ اس جلسہ کو جناب غوث الرحمن لکچرر نے مخاطب کیا۔ اس تقریب میں جناب شیخ چاند ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی اسکول، جناب عبدالواجد نائب صدر پی آر ٹی یو، جناب رفیع اعجاز، جناب نجم الدین زاہد، جناب الیاس، جناب محمد الطاف، جناب لئیق الدین نے شرکت کی۔ جناب محمد یوسف علی نے جلسہ کی کارروائی چلائی۔ جناب احمد خاں جنرل سکریٹری TUTA کے شکریہ پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا۔