حیدرآباد 13 مارچ (سیاست نیوز) سوشیل نیٹ ورکنگ ویب سائیٹ پر لڑکی کی کردار کشی اور فحش مواد اپ لوڈ کرنے والے ایک نوجوان کو سائبر کرائم پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 26 سالہ ایم راج شیکھر گوڑ متوطن ضلع کریم نگر فیس بُک پر ایک لڑکی کی پروفائیل کو دیکھ کر راغب ہوگیا اور اس لڑکی سے اس نے دوستی بھی کی ۔ راج شیکھر گوڑ لڑکی کو مسلسل مسیجس روانہ کرتا رہا لیکن لڑکی کی جانب سے جواب نہ دیئے جانے پر وہ برہم ہوگیا اور اس نے قابل اعتراض اور فحش ایس ایم ایس روانہ کرنا شروع دیا ۔جاریہ سال فبروری میں لڑکی کو ہراساں کرنے راج شیکھر گوڑ نے انتہاء کردی ۔ لڑکی نے راج شیکھر کی ان حرکت کو سنٹرل کرائم اسٹیشن سی سی ایس کی ’شی ٹیم‘ کو بذریعہ فیس بُک شکایت کی اور پولیس فوری حرکت میں آکر ملزم کا پتہ چلانے میں کامیاب ہوگئی اور اس کے خلاف نربھئے ایکٹ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے گرفتار کرلیا ۔