ویاپم اسکام کے بھیدی کی اہلیہ کی تحویل سے 10 لاکھ روپئے ضبط

حکومت کی ایماء پر انتقامی کارروائی کا الزام مسترد: مدھیہ پردیش پولیس
اندور ۔ 27 ۔ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ویاپم اسکام کا افشاء کرنے والے ایک بھیدی پرشانت پانڈے کی اہلیہ کو چند ایک گھنٹوں کیلئے محروس کردینے اور ان کی تحویل سے 9.96 لاکھ روپئے کی مبینہ حوالہ رقم ضبط کرلینے کے ایک دن بعد مدھیہ پردیش پولیس نے آج پانڈے کے اس الزام کی تردید کی کہ وہ انتقامی کارروائی کر رہی ہے۔ ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس ویپن مہیشوری نے آج شام ہنگامی پریس کانفرنس طلب کرتے ہوئے کہا کہ قانون کی نظر میں تمام شہری یکساں ہے، چاہے وہ بھیدی ہو یا کوئی دوسرا شخص۔ اگر پولیس اہلکار اپنے اختیارات کا بیجا استعمال کرتے ہیں تو ان کے خلاف ایف آئی آر درج کردیا جاسکتا ہے اور تحقیقات میں وہ قصوروار پائے جانے پر خدمات سے برطرف کیا جاسکتا ہے ۔ پر شانت پانڈے کے اس الزام پر کہ ان کی اہلیہ کے خلاف ریاستی حکومت کی ہدایت پر پولیس نے انتقامی کارروائی کی ہے کیونکہ انہوں نے ویاپم اسکام کے مختلف پہلوؤں کا راز فاش کردیا تھا۔ جس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے پولیس عہدیدار نے مشورہ دیا کہ وہ تحقیقات میں پیشرفت کرتے ہوئے تعاون کریں اور یہ تیقن دیا کہ ان کے کیس کی عاجلانہ یکسوئی کردی جائے گی۔ پولیس آفیسر نے بتایا کہ ایک مخبر سے یہ اطلاع ملنے پر جواہر لال نہرو اسٹیڈیم کے قریب واقع خانگی فرم لکشمی موٹرس میں حوالہ رقم کا لین دین کیا جارہا ہے ۔ پولیس نے وہاں نظر رکھتے ہوئے پانڈے کی اہلیہ میگھنا کو پکڑلیا جو کہ اس فرم میں ہیومن ریسورس مینجر کی حیثیت سے کام کرتی ہیں اور ان کی تحویل سے ایک بیاگ برآمد ہوا، جس کی تلاشی لینے پر 9.96 لاکھ روپئے پائے گئے اور اس قدر بھاری رقم کے بارے میں اطمینان بخش جواب نہیں دیا۔ پولیس نے ایک کیس درج کر کے مقامی مجسٹریٹ کو مطلع کردیا۔ انہوںنے بتایا کہ میگھنا کو گرفتار کئے بغیر چھوڑدیا گیا اور اس رقم کا حوالہ سے ربط ضبط کے بارے میں تحقیقات کی جارہی ہے ۔ تاہم پولیس نے انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ اور انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کو بھی اسی واقعہ کی اطلاع دیدی ہے۔ دریں اثناء پرشانت پانڈے نے یہ ادعا کیا کہ پولیس کی کارروائی غیر قانونی سے اور ضبط شدہ رقم ، ان کی محنت کی کمائی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ویاپم اسکام اور پراسرار موت کی سی بی آئی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد ریاستی حکومت ان کے خاندان کو ہراساں کر رہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ رقم محنت و شاقہ سے کمائی گئی ہے جس کا ت ذکرہ انکم ٹیکس ریٹرنس میں کیا گیا ہے جو کہ ہم لوگ کرایہ کے فلیٹ میں مقیم ہیں اور ایک فلیٹ بک کرنے کیلئے ریئیل اسٹیٹ تاجر کو 10 لاکھ روپئے دینے کیلئے یہ رقم جمع کی گئی تھی۔