بھوپال 7جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) اپوزیشن کی جانب سے مسلسل تنقیدوں کا شکار چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیوراج سنگھ چوہان نے آج کہا کہ وہ ہائیکورٹ سے خواہش کرینگے کہ ویاپم اسکام کی سی بی آئی تحقیقات کا حکم دیا جائے۔ مرکزی حکومت اور بی جے پی نے کل ہی اس اسکام کی سی بی آئی تحقیقات کی مخالفت کی تھی اور کہا تھا عدالت کی ہدایت پر ایسا کیا جاسکتا ہے ۔ چیف منسٹر شیو راج سنگھ چوہان نے جو مسائل میں گھرے ہو ئے ہیں آج عجلت میں طلب کردہ ایک پریس کانفرنس میں سی بی آئی تحقیقات کی سفارش کا اعلان کیا ۔ واضح رہے کہ دو دن بعد سپریم کورٹ میں اس اسکام کے سلسلہ میںکئی درخواستوں پرسماعت ہونے والی ہے اور ان میں بھی عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ویاپم اسکام کی سی بی آئی تحقیقات کروائی جائیں۔ چوہان نے کہا کہ جمہوریت میں عوامی رائے کی بہت اہمیت ہوتی ہے ۔ عوام کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے وہ ہائیکورٹ سے خواہش کرینگے کہ اس اسکام کی سی بی آئی تحقیقات کروائی جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا کام کاج کسی بھی شک و شبہہ سے بالا تر ہونا چاہئے ۔