نئی دہلی ۔6 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر اوما بھارتی نے آج کہا کہ ویاپم اسکام میں اُن کا نام گھسیٹنے کی گہری سازش کی جارہی ہے ۔ انھوں نے کہاکہ لوگ اس اسکینڈل کی وجہ سے شرم اور خوف محسوس کرتے ہوئے اپنی جان دے رہے ہیں اور کوئی اُنھیں ہلاک نہیں کررہا ہے ۔ اوما بھارتی نے کہاکہ یہ انتہائی گہری سازش ہے ، اس کی سب سے بڑی مثال یہ ہے کہ اُن کا ( اوما بھارتی ) نام اس میں گھسیٹا جارہا ہے حالانکہ ان کا اسکام سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ مرکزی وزیر آبی وسائل نے بتایا کہ ایک ایسے شخص کا نام بھی ایف آئی آر میں درج ہے جو اُن کے اسٹاف کوارٹرس میں رہائش پذیر تھا ۔ حالانکہ ملزم کو یہ بھی پتہ نہیں کہ امتحانات میں اُس کے نشانات میں اُلٹ پھیر کی گئی ہے ۔ اوما بھارتی نے دعویٰ کیا کہ اُس شخص کے پاس اُن کا ( اوما بھارتی ) پتہ موجود تھا اور اُس کے امتحانات میں نشانات بڑھا دیئے گئے تھے ۔ وہ شخص خوداس سے بے خبر تھا اور وہ اُن لوگوں کی بستی میں پوجا کیلئے آیا کرتا تھا جو ویاپم میں کام کررہے تھے ۔ اوما بھارتی نے کہاکہ ایف آئی آر میں درج یہ اطلاعات عدالت کو ملنے سے پہلے میڈیا تک پہونچ گئی ۔ اس شخص کا نام میرے پتہ پر اس لئے تھا کیونکہ وہ میرے سرونٹ کوارٹرس میں رہا کرتا تھا ۔