وہاب ورلڈ کپ میں ہندوستان کیخلاف کامیابی کے خواہاں

کراچی۔5 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی فاسٹ بولر وہاب ریاض ورلڈ کپ میں ہندوستان کیخلاف پاکستانی فتح کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم محض ویراٹ کوہلی نہیں بلکہ پوری حریف ٹیم کیلئے منصوبہ بنائیں۔ بائیں ہاتھ کے 33 سالہ فاسٹ بولر وہاب فی الوقت اسکواڈ کا حصہ نہیں لیکن انہوں نے اپنی ٹیم کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ورلڈ کپ میں ہندوستان کو شکست دے کر وہ کارنامہ انجام دے جوکبھی دیکھنے میں نہیں آسکا۔ آئندہ برس 16جون کو ورلڈکپ میں پاکستان کا مقابلہ ہندوستان سے مانچسٹر میں مقرر ہے اور اس ہائی وولٹیج مقابلے پر شائقین کی نگاہیں ابھی سے مرکوز ہیں جس میں وہاب ریاض بھی شامل ہیں جنہوں نے 2015 میں آسٹریلیا کیخلاف اڈیلیڈ میں ورلڈ کپ کوارٹر فائنل کے دوران بہترین بولنگ کی لیکن پاکستان کو فتح نہ دلا سکے۔ وہاب نے مزید کہا کہ پاکستانی ٹیم کی طرز رسائی یہ ہونا چاہئے کہ وہ صرف کوہلی کیلئے نہیں بلکہ پوری ہندوستانی ٹیم کیلئے منصوبہ بندی کرے کیونکہ ہندوستانی ٹیم میں کوہلی کے علاوہ بھی اچھے کھلاڑی موجود ہیں۔ اس بات کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا کہ پاکستانی ٹیم گزشتہ ایشیاء کپ میں کوہلی سے محروم ہندوستانی ٹیم کیخلاف بھی دونوں میچز ہار گئی تھی ۔

ونڈیز ونڈے ٹیم کا اعلان
ڈھاکہ۔5 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام )بنگلہ دیش کے خلاف آئندہ تین میچوں کی سیریز کیلئے مہمان ویسٹ انڈیز ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے اورمعلنہ ٹیم میں ڈیرن براوو کی واپسی ہوئی ہے ۔براوو نے اکتوبر 2016 میں اپنا آخری ونڈے مقابلہ کھیلا تھا تاہم انہوں نے ہندوستان کے خلاف حالیہ ٹی 20 سیریز میں ونڈیز کی نمائندگی کی ہے۔ کپتان ہولڈ رہنوز زخمی ہیں ان کے مقام پر رومن پاول کپتان ہوں گے۔