وہاب ریاض کی برائن لارا کو دورۂ پاکستان کی دعوت

لاہور، 25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) نوجوان پاکستانی فاسٹ بولر وہاب ریاض نے عظیم ویسٹ انڈین بلے باز برائن لارا کو دورہ پاکستان کی دعوت دے دی ہے۔ لارا نے ورلڈ کپ کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف وہاب ریاض کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان سے ملنے کی خواہش ظاہر کی۔ وہاب ریاض آسٹریلیا کے خلاف کوارٹر فائنل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور خصوصاً شین واٹسن کے خلاف ان کی جارحانہ بولنگ دیکھنے سے تعلق رکھتی تھی۔ ان کی اس شاندار بولنگ کی لارا، شین وارن سمیت دنیا بھر کے ماہرین اور سابق کھلاڑیوں نے بہت تعریف کی تھی۔ لارا نے اس کے ساتھ ساتھ آئی سی سی کی جانب سے وہاب پر جرمانہ عائد کیے جانے پر کھیل کی عالمی گورننگ باڈی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا جرمانہ ادا کرنے کی بھی پیشکش کی تھی۔لارا نے ہندوستانی ٹی وی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ جہاں تک میرا معاملہ ہے تو یہ بورڈ کے دائرہ اختیار سے باہر ہے اور میں ان سے ملنے کا مزید انتظار نہیں کر سکتا، میں اس لڑکے (وہاب) سے ملنا چاہتا ہوں، میں جرمانہ ادا کروں گا۔ انہوں نے وہاب پر جرمانے کے فیصلے کو احمقانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ فاسٹ بولر کے سامنے واٹسن اسکول کے بچے لگ رہے تھے۔ وہاب نے منگل کو ماضی کے عظیم کرکٹر کی جانب سے تعریف پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا کہ میں بہت فخر محسوس کر رہا ہوں اور یہ میرے لئے بہت اعزاز کی بات کی ہے۔ وہاب نے کہا کہ میں عظیم انسان کو پاکستان آنے کی دعوت دیتا ہوں اور ان کی میزبانی کو اپنے لئے اعزاز سمجھوں گا۔