ایڈیلیڈ ، 24 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سابق کپتان رمیز راجہ نے فاسٹ بولر وہاب ریاض کو پاکستان کی ونڈے انٹرنیشنل کرکٹ ٹیم کا اگلا کپتان بنانے کا مشورہ دیا ہے۔ کرکٹ ویب سائٹ سے بات کرتے ہوئے رمیز نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف ورلڈکپ کوارٹر فائنل میں ریاض کی بولنگ دیکھ کر وہ قائل ہوگئے ہیں کہ فاسٹ بولر جارحانہ انداز، جوش اور جذبات کے ساتھ اچھے کپتان بن سکتے ہیں۔ پاکستان کے ونڈے کپتان مصباح الحق نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے اور رمیز نے پاکستان کے نیشنل سلیکٹرز پر زور دیا ہے کہ وہ نوجوانوں کو اس ذمہ داری کیلئے آگے لائیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ ’’وہاب ریاض کا جوش و جذبہ پاکستان کرکٹ کو درست راہ پر لانے کیلئے کافی ثابت ہوگا۔ ان کے بقول پاکستان کرکٹ جذبہ، جوش اور ناقابل پیش قیاسی رویے پر مشتمل ہے جو اسے پرستاروں کیلئے دل پسند بناتی ہے مگر رواں ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم میں جارحیت کی کمی نظرآئی جس نے مجھے مایوس کیا‘‘۔ واضح رہے کہ وہاب ریاض نے ورلڈکپ کے سات میچز میں 16 وکٹیں 23 کی اوسط کے ساتھ لے کر ٹاپ 5 بولرز میں جگہ بنائی ، خاص طور پر کوارٹر فائنل میں اُن کی بولنگ کی تعریف ہر ایک نے کی۔ رمیز راجہ کا ماننا ہے کہ یہ درست وقت ہے کہ پاکستان وہاب کو اس کی کارکردگی کی بنیاد پر کپتانی کیلئے منتخب کرلے۔