وہاب ریاض زخمی ، کولمبو ٹسٹ سے باہر

کولمبو۔26 جون ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان اور سری لنکا کے مابین کھیلے جارہے دوسرے ٹسٹکے پہلے روز بیٹنگ کے دوران بائیں ہاتھ پر گیند لگنے سے فاسٹ بالر وہاب ریاض فریکچر کا شکار ہوکر کولمبو ٹسٹ سے باہر ہوگئے ۔ ریاض کے بائیں ہاتھ پر سری لنکا کے فاسٹ بالر دشمنتا چمیرا کی گیند لگی۔29 سالہ باؤلر نے 9 اوورز کئے تاہم تکلیف کے باعث انھیں گراؤنڈ سے بھیج دیا گیا اور ایکسرے کے بعد ان کے ہاتھ میں ہیئرلائن فریکچر کی تشخیص ہوئی۔اس انجری کے بعد ریاض دوسرے روز کھیل کا حصہ نہیں ہیں۔ٹیم مینیجر نوید چیمہ نے رپورٹرز سے گفتگو میں وہاب کی انجری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ’’وہ کم ازکم 2 ہفتے تک نہیں کھیل سکیں گے‘‘۔ وہاب کی جگہ راحت علی کو تیسرے ٹسٹ کے لئے اسکواڈ میں شامل کئے جانے کا امکان ہے جو دورہ بنگلہ دیش کے دوران ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہونے کے بعد اب فٹ ہوگئے ہیں۔