وکٹوریہ برسبین انٹرنیشنل کے سیمی فائنل میں داخل

برسبین ۔ 3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) دو مرتبہ کی آسٹریلین اوپن چمپیئن اور خاتون زمرہ کی عالمی ٹینس درجہ بندی میں دوسرے مقام پر فائز وکٹوریہ ایزرنکا نے سیمی فائنل میں خصوصاً دوسرے سیٹ میں ناقص مظاہرہ کے باوجودسیمی فائنل میں رسائی حاصل کرتے ہوئے 2014ء کے آغاز پر کھیلے جانے والے پہلے گرانڈ سلام آسٹریلین اوپن کے آغاز سے قبل اپنی حریف کھلاڑیوں کو انتباہ دیا ہے۔ بیلاروس کی نوجوان کھلاڑی نے غیرمعروف کھلاڑی سوئٹزرلینڈ کی اسٹیفن وگیل کے خلاف پہلا سیٹ باآسانی 6-4 سے اپنے نام کرلیا تھا اور دوسرے سیٹ میں بھی 5-4 کی سبقت پر سرویس گیم میں 40-0 کی سبقت بھی بنا لی تھی

اور اس موقع پر لگ رہا تھا کہ کامیابی کیلئے درکار دیگر میچ پوائنٹس کو وہ باآسانی حاصل کرلیں گی لیکن اس موقع پر وہ میدان پر گر پڑی جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 23 سالہ اسٹیفن نے مقابلہ کو 9-7 کے فیصلہ کن مرحلہ تک پہنچایا۔ دوسرے سیٹ میں کافی جدوجہد کے بعد بھی کامیابی حاصل نہ کرنے کے بعد مقابلہ فیصلہ کن تیسرے سیٹ میں پہنچا جہاں 24 سالہ وکٹوریہ نے اپنا اصل کھیل بتاتے ہوئے یہ سیٹ باآسانی 6-1 سے اپنے نام کرلیا۔ سیمی فائنل میں وکٹوریہ کا مقابلہ سابق عالمی نمبر ایک اور چار مرتبہ یہاں سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرنے والی سربیائی کھلاڑی یلینا یانکووچ سے ہوگا۔