وکٹوریا کا شارا پوا سے متوقع سیمی فائنل

ملبورن۔10جنوری ( سیاست ڈاٹ کام )سیزن کے پہلے گرانڈ سلام آسٹریلین اوپن 2014ء میں دو مرتبہ کی چمپئن اور عالمی درجہ بندی میں دوسرے مقام پر فائز بیلاروس کی وکٹوریا ایزرنکا کا ٹورنمنٹ میں چوتھا مقام حاصل کرنے والی سابق عالمی نمبر ایک روسی ٹینس اسٹارماریا شارا پوا سے متوقع سیمی فائنل مقابلہ مقرر ہوا ہے ۔ دریں اثناء عالمی نمبر ایک سرینا ولیمس کو ملبورن پارک کے ایک اور سیمی فائنل میں دو مرتبہ کی فائنلسٹ اور اس مرتبہ خطاب کیلئے پُرعزم نظرآنے والی چینی کھلاڑی لی نا کا سامنا ہوسکتا ہے ۔ مرد زمرہ کی طرح خاتون زمرہ کے مقابلے بھی اس مرتبہ کافی سخت ہیں اور مقامی کھلاڑیوں کیلئے خطاب کی راہ آسان نہیں ۔ آسٹریلیا کی اُبھرتی ٹینس اسٹار 17سالہ ایشلیگ بارٹی جنہوں نے گذشتہ برس تین گرانڈ سلام کے ڈبلز سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی ہے‘ان کا پہلے ہی راؤنڈ میں مقابلہ خطاب کی مضبوط دعویدار سرینا ولیمس سے ہوگا ۔

2011ء میں یو ایس اوپن خطاب حاصل کرنے والی آسٹریلیائی کھلاڑی سمنتا اسٹوسر کا تیسرے مرحلے میں متوقع مقابلہ گذشتہ ہفتہ آکلینڈ میں خطاب حاصل کرنے والی سابق فرنچ اوپن چمپئن اینا ایوانووچ سے ہوسکتا ہے جب کہ چوتھے راؤنڈ میں سرینا ولیمس ان کی حریف ہوں گی ۔ گذشتہ برس سرینا ولیمس کو شکست دینے والی امریکی نوجوان کھلاڑی سلوین اسٹیفنس جنہیں متواتر سیمی فائنلس میں ایزرنکا کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی ہے ‘ اس مرتبہ وہ چوتھے ہی راؤنڈ میں وکٹوریا کی راہ میں رکاوٹ بن سکتی ہیں ۔ سابق عالمی نمبر ایک اور سینئر کھلاڑی وینس ولیمس کے لئے پہلے ہی راؤنڈ میں سخت مقابلہ درپیش ہے جیسا کہ انہیں 22ویں مقام پرفائز روسی کھلاڑی ایکترینا ماکارواسے ہوسکتا ہے جو گذشتہ دو برسوں سے کوارٹرس فائنلس میں رسائی حاصل کررہی ہیں۔