محبوب نگر /5 نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) وکلاء کیلئے ہیلتھ کارڈز اور مکانات کیلئے اراضی کی فراہمی کیلئے درکار اقدامات کئے جائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار ٹی آر ایس پارلیمانی پارٹی قائد و رکن پارلیمان محبوب نگر اے پی جتیندر ریڈی نے کل مستقر محبوب نگر پر ڈسٹرکٹ منصف کورٹ کے احاطہ میں جدید تعمیر شدہ بار اسوسی ایشن کی عمارت کی افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ میں زیر دوران مقدمات کی عاجلانہ یکسوئی اور تلنگانہ کیلئے علحدہ ہائی کورٹ نہایت ضرورت ہے ۔ اس ضمن میں ٹی آر ایس حکومت عنقریب اقدامات کرے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ مستقر پر علحدہ علحدہ مقامات پر موجود عدالتوں کو ایک ہی جگہ کامپلکس کی شکل دینا بھی حکومت کے زیر غور ہے ۔ انہوں نے 25 لاکھ روپئے لاگت سے یم پی فنڈ سے تعمیر کردہ عمارت کا افتتاح انجام دیا ۔ تقریب میں مقامی ایم ایل اے وی سرینواس گوڑ جو بحیثیت مہمان خصوصی شریک تھے کہا کہ علحدہ تلنگانہ کے حصول میں وکلاء کی جدوجہد کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔ حکومت ان کی بہبود کیلئے ممکنہ اقدامات کرے گی ۔ اسٹیٹ بار کونسل کے صدر نرسمہا ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کو حاصل کرنے کیلئے وکلاء نے جو جان توڑ محنت کی ہے اس کو پیش نظر رکھتے ہوئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے وکلاء کیلئے 100 کروڑ روپئے منظور کئے جو ہمارے لئے اعزاز سے کم نہیں ہے ۔ ڈسٹرکٹ جج شیوا ناگی ریڈی نے کہا کہ عدالت کی عمارت اور عوام کیلئے سہولتوں کی فراہمی کیلئے عوامی نمائندوں کی توجہ ضروری ہے ۔ نیشنل بار کونسل کے رکن رام چندر راؤ ، چیرپرسن بلدیہ رادھا امر ، ہائی کورٹ بار کونسل صدر گریدھر راؤ ، سکریٹری پانڈو ، ڈسٹرکٹ کورٹ کے پبلک پراسیکوٹر ونود ضلع بار کونسل صدر ویرا برہماچاری نے بھی تقریب کو مخاطب کیا ۔ سینئیر وکلاء کی کثیر تعداد تقریب میں شریک تھی ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ ریاستی وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی اس تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شریک ہونے والے تھے ۔ لیکن صنحت کی ناسازی کی وجہ سے شرکت نہ کرسکے ۔