منچریال ۔ 26 ۔ فبروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاست تلنگانہ کیلئے فوراً ایک علحدہ ہائیکورٹ کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے منچریال بار کونسل نے عدالت کا بائیکاٹ کیا جس کی وجہ سے منچریال کورٹ میں کوئی کام کاج نہ ہوسکا ۔ احتجاج کے دوران عدالت کے احاطہ میں کشیدگی پیدا ہوئی ۔ جبکہ احتجاجی وکلاء نے ججوں کو عدالت میں جانے سے روکنے کی کوشش کی ۔ پولیس نے مداخلت کرتے ہوئے ججوں کو عدالت کے اندر جانے میں مدد کی اسی دوران احتجاجی وکلا اور پولیس میں سخت الفاظ کا تبادلہ ہوا اور تصادم کی نوبت آگئی تاہم اطلاع ملتے ہی اڈیشنل ایس پی منچریال مسٹر وجئے کمار کورٹ پہنچتے ہوئے احتجاجی وکلاء کو احاطہ کورٹ سے باہر کردیا ۔ تاہم احتجاجی وکلاء عدالت کے باہر زنجیری بھوک ہڑتال پر بیٹھ گئے ۔ اور علحدہ ہائیکورٹ کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج جاری رکھا ۔